’اُری‘ کے بعد اَب ’بالاکوٹ ائیر اسٹرائیک‘ پر بنے گی فلم، تیاری شروع
خبروں کے مطابق بالاکوٹ ائیر اسٹرائیک پر بہت جلد فلم بننے والی ہے۔ ہندی فلم انڈسٹری کے چار بڑے فلمسازوں و ہدایت کاروں نے مل کر اس موضوع پر فلم بنانے کا فیصلہ لے لیا ہے۔
پلوامہ دہشت گردانہ حملے کے جواب میں ہندوستانی فضائیہ نے پاکستان کے بالاکوٹ میں جیش محمد کے دہشت گرد ٹھکانوں پر ائیر اسٹرائیک کیا۔ اس ہوائی حملے میں فضائیہ نے دہشت گردوں کے کئی ٹھکانوں کو تباہ کر دیا تھا۔ اس واقعہ کو جلد ہی آپ بڑے پردے پر دیکھ سکتے ہیں۔ دراصل خبر ہے کہ بالاکوٹ ائیر اسٹرائیک پر فلم بننے والی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق فلم انڈسٹری کے چار بڑے ہدایت کار و فلمساز نے مل کر اس موضوع پر فلم بنانے کا فیصلہ لیا ہے۔ ٹی سیریز کے سربراہ بھوشن کمار، فلمساز مہاویر جین، ہدایت کار ابھشیک کپور اور فلمساز-ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی مل کر اس فلم کو بنائیں گے۔ ایک انگریزی اخبار کے مطابق یہ پروجیکٹ ابھی ریسرچ اور ڈیولپمنٹ کے اسٹیج پر ہے اور فلم کی شوٹنگ سال کے وسط میں شروع ہونے کا امکان ہے۔
اخبار نے فلم سے جڑے ایک ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ یہ پروجیکٹ میکرس کی طرف سے ہندوستانی فضائیہ کو سلام کرنے اور عزت دینے کی ایک کوشش ہوگی۔ اتنا ہی نہیں، فلم کی کمائی کا بڑا حصہ سیکورٹی فورس کے امدادی فنڈ میں جائے گا۔ فی الحال اس فلم کی کاسٹنگ جاری ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ بالی ووڈ کے کئی بڑے سپر اسٹار اس فلم میں کام کرنا چاہتے ہیں۔ خبر ہے کہ انڈین موشن پکچرس پروڈیوسرس ایسو سی ایشن (آئی ایم پی پی اے) سے ٹائٹل رجسٹر کروانے کے لیے رابطہ بھی کیا گیا ہے۔ اس میں بالاکوٹ، پلوامہ: دی ڈیڈلی اٹیک، سرجیکل اسٹرائیک، 2.0، وار روم، ہندوستان ہمارا ہے اور ہاؤ اِز دی جوش؟ جیسے ٹائٹل شامل ہیں۔ خبروں کے مطابق یہ فلم ابھشیک کپور کی ہدایت کاری میں بنے گی۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے ’اُری، دی سرجیکل اسٹرائیک‘ فلم بنی تھی جو سرجیکل اسٹرائیک پر مبنی تھی۔ اس فلم سے بی جے پی نے خوب سیاسی فائدہ اٹھایا۔ پی ایم نریندر مودی سے لے کر وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ اور کئی وزیر بھی اس فلم کے ڈائیلاگ کا استعمال کرتے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ پی ایم مودی کی زندگی پر بھی ایک فلم بنائی جا رہی ہے۔ اس فلم میں پی ایم مودی کے کردار میں وویک اوبرائے نظر آئیں گے۔ ذرائع کے مطابق اس فلم میں گودھرا واقعہ کو بھی دکھایا گیا ہے۔ یہ بھی خبریں ہیں کہ گودھرا کو پردے پر دکھانے کے لیے ٹرین کی ایک پوری بوگی کو نذرِ آتش کر دیا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 04 Mar 2019, 11:09 PM