سائرہ بانوں: ’جنگلی‘ سے ’ہیرا پھیری‘ تک بہترین اداکاری کرنے والی اَداکارہ
بالی ووڈ میں سائرہ بانو کو ایک ایسی اداکارہ کے طورپر شمار کیاجاتا ہے جنہوں نے 60اور 70 کی دہائی میں اپنی دلکش اداؤں سے اور زبردست اداکاری سے شائقین کو دیوانہ بنایا۔
ممبئی: بالی ووڈ میں سائرہ بانو کو ایک ایسی اداکارہ کے طورپر شمار کیاجاتا ہے جنہوں نے 60اور 70 کی دہائی میں اپنی دلکش اداؤں سے اور زبردست اداکاری سے شائقین کو دیوانہ بنایا۔
سائرہ کی پیدائش 23 اگست 1944 کو ہوئی تھی۔ ان کی ماں نسیم بانو 30 اور 40 کی دہائی کی مشہور اداکارہ تھیں اور انہیں ’بیوٹی کوین‘ کہا جاتا تھا۔ سائرہ اپنے بچپن میں لندن میں رہتی تھیں اور وہاں سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد وہ سال 1960 میں ممبئی لوٹ آئیں۔ اس دوران ان کی ملاقات فلم ساز اور ہدایت کار ششدھر مکھرجی سے ہوئی جنہوں نے ان کے ہنر کو پہچان کر انہیں اپنے بھائی سبودھ مکھرجی سے ملنے کی صلاح دی۔ سبودھ مکھرجی ان دنوں اپنی نئی فلم جنگلی کے لئے این نئی اداکارہ کی تلاش کررہے تھے۔ انہوں نے سائرہ کو اپنی فلم میں کام کرنے کی تجویز دی جسے سائرہ نے بخوشی قبول کر لیا۔
سال 1961 میں ریلیز ہوئی فلم جنگلی میں انہیں شمی کپور کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ اس فلم میں سائرہ نے کشمیر میں رہنے والی ایک جواں سال لڑکی کا کردار ادا کیا تھا۔ بہترین اداکاری، موسیقی اور نغموں سے سجی اس فلم کی زبردست کامیابی نے نہ صرف انہیں بلکہ اداکار شمی کپور کو بھی اداکار کے طورپر ثابت کردیا۔ آج بھی اس فلم کے سدابہار نغمے شائقین کو پسند آتے ہیں۔ سال 1963 میں سائرہ کو من موہن دیسائی کی بنائی فلم بلف ماسٹر میں کام کرنے کا موقع ملا۔ اس فلم میں ایک بارپھر وہ شمی کپور کے ساتھ نظر آئیں۔
سال 1964 ان کے کریئر کےلئے سب سے اہم سال ثابت ہوا۔ اس سال ان کی فلم آئی ملن کی بیلا نے کامیابی کے سارے ریکارڈ توڑ دئے۔ ان فلموں کی کامیابی کے بعد سائرہ بانو فلم انڈسٹری میں سپر اسٹار کے طور پر مشہور ہوگئیں۔ 1966 میں انہوں نے اپنی عمر سے کافی بڑے اداکار دلیپ کمار کے ساتھ شادی کر لی۔ دلیپ کمار سے شادی کے بعد بھی سائرہ نے فلموں میں کام کرتی رہیں۔1967 ان کی کئی بہترین فلمیں ریلیزہوئیں۔ فلم دیوانہ میں انہوں نے پہلی بار مشہور اداکار راج کپور کےساتھ کام کیا اور فلم شاگرد بھی باکس آفس پر ہٹ ثابت ہوئی۔
سال 1968 میں ریلیز فلم پڑوسن سائرہ بانو کی سپرہٹ فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔ مذاح سے بھرپور اس فلم کو محمود نے بنایا تھا اور سائرہ نے اس میں ایک نوجوان لڑکی کاکردار ادا کیا تھا اور سنیل دت اس میں مرکزی کردار میں تھے۔ محمود،سنیل دت اور سائرہ بانو کی اداکاری سے سجی یہ فلم بے حد کامیاب رہی۔ 1970 میں سائرہ کو منوج کمار کی ہدایت میں بنی فلم پورب پشچم میں کام کرنے کا موقع ملا۔ اس فلم کو منوج کمار نے ہی بنایا تھا۔
سال 1970 میں ریلیز فلم گوپی میں سائرہ کو اپنے فلمی کریئر میں پہلی بار دلیپ کمار کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ اس کے بعد دلیپ اور سائرہ کی جوڑی نے سگینا، بیراگ اوردنیا جیسی فلموں میں ایک ساتھ کام کیا۔ 1975میں سائرہ کو ریشی کیش مکھرجی کی فلم چیتالی میں کام کرنے کا موقع ملا۔ یہ فلم باکس آفس پر ناکام رہی جبکہ ناقدین کا خیال ہے کہ یہ فلم سائرہ بانو کی بہترین فلموں میں سے ایک ہے۔
سال 1976 میں ریلیز فلم ہیرا پھیری سائرہ کی آخری ہٹ فلم ثابت ہوئی، اس میں انہوں نے امیتابھ بچن کے ساتھ کام کیا تھا۔ اس کے بعد 1988 میں فلم فیصلہ کے بعد سائرہ نے فلم انڈسٹری سے ریٹائرمنٹ لے لی۔ 2006 میں انہوں نے بھوجپوری فلموں میں بھی کچھ کردار ادا کئے۔
سائرہ نے اپنے تین دہائی لمبے سنی کریئر میں تقریباً 50 فلموں میں اداکاری کی۔ ان کی بہترین فلموں میں ۔۔۔دور کی آواز، آؤ پیار کریں، جھک گیا آسمان، آدمی اور انسان، وکٹوریا نمبر 203، پیسے کی گڑیا، انٹرنیشنل کروک، ریشم کی ڈوری، آخری داؤ، سازش، ضمیر، نہلے پہ دہلا، کالا آدمی، دیش دروہی، بلیدان وغیرہ شامل ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 23 Aug 2019, 10:10 PM