یوسف صاحب کے مداح ان کی صحت یابی کیلئے دعا کریں:سائرہ بانو

دلیپ کمار (یوسف خان) کے اہل خانہ نے اس مرتبہ ان کی سالگرہ سادگی سے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس میں خاندان کے ارکان اور قریبی عزیز واقارب شرکت کریں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

معمر اور کہنہ مشق اداکار دلیپ کمار گزشتہ چند دنوں سے نمونیہ کا شکار ہیں اور ان کے اہل خانہ نے درخواست کی ہے کہ بزرگ اداکار کے مداح ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاء کریں ،تاکہ وہ 11 دسمبر کو95 ویں سالگرہ پر صحت مند رہیں۔

دلیپ اور سائرہ بانو کی قریبی دوست اور سوانح نگار ادیہ تارا نائر نے کہا ہے کہ دلیپ کمار نمونیہ کے شکار ہیں اوران کا علاج گھر پر ہی جاری ہے ،لیکن اس صورت حال میں فی الحال ہم نے ان کی سالگرہ پر کوئی بڑی تقریب کا منصوبہ نہیں بنایا ہے ۔

ایک قریبی ذرائع کے مطابق 11 دسمبر کو سادگی سے سالگرہ منائی جائے گی اور یہ ایک خاندانی تقریب ہوگی۔جس میں اہل خانہ کے ساتھ ساتھ انتہائی نزدیکی افراد شریک ہوں گے۔واضح رہے کہ سال کے آغاز میں گردوں کی بیماری کے سبب دلیپ کمار کو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا ۔دوتین سال سے بزرگ اداکار کو متعدد مرتبہ علاج کے لیے اسپتال داخل کیا گیا ہے اور اس بار عین سالگرہ کے موقع پر انہیں نمونیہ کی شکایت ہوگئی ہے۔

ان کی طبیعت سے پریشان شہنشاہ جذبات کی شریک حیات سائرہ بانو نے کہا کہ ’’یوسف صاحب کو نسوں کا نمونیہ ہوگیا ہے اور ان کے مداح اداکار کی صحت یابی کے لیے دعاء کریں۔ایک سوال پر سائرہ بانو نے کہاکہ’’ یہ میرا فرض ہے کہ ان کی خدمت کریں اور وہ کتنے اہمیت کے حامل ہیں ۔ان کی موجودگی سے مجھے تقویت ملتی ہے ، یہ باعث فخر ہے کہ انہوں نے مجھے اپنا شریک حیات بنایا حالانکہ وہ چاہتے تو کسی سے بھی ازدواجی رشتہ بناسکتے تھے۔ لیکن انہوں نے میرا انتخاب کیا۔میں اس کے لیے خودکو خوش قسمت خیال کرتی ہوں ۔ میں ہمیشہ انہیں فلم صنعت کا کوہ نور کہتی ہوں۔ میں خوش قسمت ہوں کہ کئی دہائیوں سے ان کے قریب ہوں ۔ اس سے بہتر زندگی میں منتخب نہیں کرسکتی اورمیرے خیال میں اس سے بہتر زندگی ہو بھی نہیں ہوسکتی ہے۔‘‘

واضح رہے کہ دلیپ کمار نے 1944میں ہندی فلم جواربھاٹا سے اپنی فلمی زندگی کا آغاز کیا تھا اور ان کے مقابل دیویکارانی اور دوسرے اداکار آغاتھے ،1950کی دہائی میں دلیپ صاحب کی طوطی بولتی تھی ، راج کپوراور دیوآنند کے ساتھ مل کر انہوں نے فلم انڈسٹری پر راج کیا ،کوہ نور،نیا دور،یہودی ،آزاد،دیوداس،مغل اعظم ،گنگا جمنا، آدمی ، داستان،دل دیا درد لیا،جیسی جذباتی فلموں کی وجہ سے انہیں ماہر نفسیات سے رابطہ کرنا پڑااور ان کے مشورے پر انہوں نے چند مزاحیہ فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے جن میں گوھی اور رام وشیام شامل ہیں۔ 1970کی دہائی میں فلموں کا ایک نیا دورشروع ہوا ،لیکن بیراگ میں دلیپ کمار نے بہترین ادکاری کی ۔اور پھر 1980کے عشرے میں منوج کمار کی ایماء پر اپنا چولا بدلا اور ان کی جنگ آزادی پر مشہور فلم کرانتی میں کریکٹر اداکار بن گئے ،شکتی میں امیتابھ کے مقابل انہیں بہترین اداکار کا فلم فیئر ایوارڈ دیا گیا ۔ودیاتا،سوداگر اور قلعہ میں انہوں نے بہترین اداکاری کی تھی 60کی دہائی میں 55-60فلموں میں کام کیا اور اپنے نقش چھوڑدیئے۔

اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمال کریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔