روتے ہوئے آتے ہیں سب، ہنستا ہوا جو جائے گا...پرکاش مہرا کی سالگرہ کے موقع پر خصوصی پیشکش
بالی وڈ کے مشہور ہدایت کار پرکاش مہرا نے 1973 میں ریلیز اپنی سپر ہٹ فلم ’زنجیر‘ میں امیتابھ بچن کو ایک روپیہ سائننگ اماؤنٹ دیا تھا۔ اس فلم سے امیتابھ بچن اینگری ینگ مین اور سپر اسٹار بن کر ابھرے
اترپردیش کے بجنور میں 13 جولائی 1939 کو پیدا ہوئے پرکاش مہرا اپنے کیریئر کے ابتدائی دور میں اداکار بننا چاہتے تھے۔ ساٹھ کی دہائی میں اپنے اسی خواب کو پورا کرنے کے لئے وہ ممبئی آ گئے۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز فلم اجالا اور پروفیسر جیسی فلموں سے کیا۔
سال 1968 میں آئی فلم حسینہ مان جائے گی بطور ہدایتکار پرکاش مہرا کی پہلی فلم تھی۔ اس فلم میں ششی کپور نے دوہرا کردار ادا کیا تھا۔ 1973 میں فلم زنجیر نہ صرف پرکاش مہرا کے لئے بلکہ امیتابھ بچن کے کیریئر کے لئے بھی سنگ میل ثابت ہوئی۔ بتایا جاتا ہے دھرمیندر اور پران کے کہنے پر پرکاش مہرا نے امیتابھ کو زنجیر میں کام کرنے کا موقع دیا تھا اور اس کے لئے سائننگ اماؤنٹ ایک روپیہ دیا تھا۔
زنجیر کی کامیابی کے بعد امیتابھ اورپرکاش مہرا کی سپر ہٹ فلموں کادور طویل وقت تک چلا۔ اس دوران لاوارث، مقدر کا سکندر، نمک حلال، شرابی، ہیرا پھیری جیسی کئی فلموں نے باکس آفس پر کامیابی کے پرچم لہرائے۔
پرکاش مہرا ایک کامیاب فلمساز کے علاوہ نغمہ نگار بھی تھے اور انہوں نے اپنی کئی فلموں کیلئے سپر ہٹ نغموں کی تخلیق کی تھی۔ ان میں ’او ساتھی رے، تیرے بنا بھی کیا جینا‘، ’لوگ کہتے ہیں میں شرابی ہوں‘، ’جس کا کوئی اس کا تو خدا ہے یارو’، ’جوانی جان من حسین دلربا‘، ’جہاں چار یار مل جائے وہاں رات ہو گلزار‘، ’انتہا ہو گئی انتظار کی‘، ’دل تو ہے دل، دل کا اعتبار کیا کیجئے‘، ’دل جلوں کا دل جلا کے کیا ملے گا دلربا‘، ’دے دے پیار دے‘، ’اور اس دل میں کیا رکھا ہے’، ’اپنی تو جیسے تیسے کٹ جائے گی‘ اور ’روتے ہوئے آتے ہیں سب، ہنستا ہوا جو جائے گا‘ وغٰرہ شامل ہیں۔
بتایا جاتا ہے ممبئی میں جدوجہد کے دنوں میں انہیں اپنی زندگی گزارنے کے لیے صرف پچاس روپے میں نغمہ نگار بھرت بیاس کو ’’تم گگن کے چندرما ہو، میں دھرا کی دھول ہوں‘‘ نغمہ فروخت کے لئے مجبور ہونا پڑا تھا۔
انہوں نے اپنے فلمی کیریئر میں 22 فلموں کی ہدایتکاری اور 10 فلموں کی تخلیق کا کام کیا تھا۔ سال 2001 میں آئی فلم ’مجھے میری بیوی سے بچاؤ‘ ان کے فلمی کیریئر کی آخری فلم ثابت ہوئی اور یہ فلم باکس آفس پر بری طرح ناکام ہوئی۔
پرکاش مہرا اپنی زندگی کے آخری لمحات میں امیتابھ کو لے کر ’گالی‘ نامی ایک فلم بنانا چاہتے تھے لیکن ان کا یہ خواب ادھورا ہی رہ گیا اور اپنی فلم کے ذریعے ناظرین کو مسحور کرنے والے پرکاش مہرا 17 مئی 2009 کو اس دنیا کو الوداع کہہ گئے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔