سوشانت سنگھ موت معاملہ: سپریم کورٹ نے ریا چکرورتی کے حق میں سنایا فیصلہ، سی بی آئی کو شدید انتباہ
سپریم کورٹ نے سی بی آئی کی جانب سے ریا چکرورتی اور ان کے خاندان کے خلاف لک آوٹ سرکلر کو چیلنج کرنے کی درخواست مسترد کر دی اور بامبے ہائی کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھا
نئی دہلی: ریا چکرورتی اور ان کے خاندان کو سپریم کورٹ کی جانب سے بڑی راحت ملی ہے، جس میں عدالت نے بامبے ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو برقرار رکھا ہے جس میں ریا، ان کے بھائی شووک چکرورتی اور ان کے والد لیفٹیننٹ کرنل اندر جیت چکرورتی کے خلاف سی بی آئی کے لک آوٹ سرکلر کو ختم کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔ سپریم کورٹ نے سی بی آئی اور ریاست مہاراشٹرا کی جانب سے اس فیصلے کو چیلنج کرنے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ یہ درخواست محض اس لیے دائر کی گئی کیونکہ یہ معاملہ ایک ہائی پروفائل شخصیت سے متعلق تھا۔
یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا تھا جب اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد ان کے خاندان نے تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے بہار کے شہر پٹنہ میں ایک ایف آئی آر درج کرائی تھی، جس کے بعد کیس کو سی بی آئی کے حوالے کر دیا گیا۔ اس واقعے کے بعد سی بی آئی نے ریا چکرورتی اور ان کے خاندان کے خلاف لک آوٹ سرکلر جاری کیا۔ تاہم، فروری میں بامبے ہائی کورٹ نے اس سرکلر کو ختم کرنے کا حکم دیا، جس کے بعد سی بی آئی نے اسے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
عدالت عظمیٰ کے جسٹس بی آر گوائی نے اس معاملے میں سی بی آئی کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے محض اس بنیاد پر درخواست دائر کی کہ اس میں ایک ہائی پروفائل شخصیت ملوث ہے۔ عدالت نے کہا کہ ایسی فضول درخواستوں کے لیے آپ کو قیمت چکانی پڑ سکتی ہے اور اگر آپ اس کیس کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں تو ممکن ہے کہ آپ کو جرمانہ اور سخت تبصرے کا سامنا کرنا پڑے۔
جسٹس کے وی ویشواناتھن نے بھی حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سی بی آئی نے اس معاملے میں لک آوٹ سرکلر کیوں جاری کیا۔ عدالت نے کہا کہ بامبے ہائی کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھا جائے گا اور سی بی آئی کی اپیل کو مسترد کیا جاتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔