رنبیر کپور نے عالیہ بھٹ سے شادی کے سوال پر کہا ’پاگل کتے نے نہیں کاٹا...‘

گزشتہ کچھ وقت سے رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی شادی کو لے کر کئی خبریں سامنے آ رہی ہیں، کچھ دنوں پہلے عالیہ بھٹ کی سبیاساچی کے ساتھ تصویر بھی وائرل ہوئی تھی۔

رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ، تصویر آئی اے این ایس
رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کے فینس انتہائی شدت سے انتظار کر رہے ہیں کہ کب یہ دونوں اپنی شادی کا اعلان کریں گے۔ لیکن ایک سوال کے جواب میں رنبیر کپور نے ایسا رد عمل ظاہر کیا ہے جس سے لوگوں کا تجسس مزید بڑھ گیا ہے۔ دراصل رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی ایک ساتھ میں پہلی فلم ’برہماستر‘ کچھ مہینوں بعد ریلیز ہونے والی ہے۔ ایسے میں رنبیر اور عالیہ کے چاہنے والوں نے یہ سوال پوچھا ہے کہ دونوں فلم کی ریلیز سے پہلے شادی کے بندھن میں تو نہیں بند رہے ہیں؟ اس پر اپنا جواب دیتے ہوئے رنبیر نے کہا ’’مجھے پاگل کتے نے نہیں کاٹا ہے کہ میں میڈیا کو اناؤنس کر دوں تاریخ۔ لیکن اتنا ضرور بتا سکتا ہوں کہ میں اور عالیہ دونوں ہی شادی کے بندھن میں بندھنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ امید کرتے ہیں کہ یہ جلد ہوگا۔‘‘

واضح رہے کہ گزشتہ کچھ وقت سے رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی شادی کو لے کر کئی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ کچھ دنوں پہلے عالیہ بھٹ کی سبیاساچی کے ساتھ تصویر بھی وائرل ہوئی تھی جس کے بعد فینس نے قیاس آرائیاں شروع کر دی تھیں کہ رنبیر کپور کے ساتھ عالیہ جلد شادی کر سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ رنبیر کپور اور عالیہ کو ڈیزائنر بینا کنن کے ساتھ بھی کسی مقام پر دیکھا گیا۔


گزشتہ مہینے ایک رپورٹ یہ بھی شائع ہوئی تھی کہ رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ اپریل کے مہینے میں ایک فیملی تقریب میں شادی کے بندھن میں بندھیں گے۔ اس تقریب میں دونوں خاندان اور قریبی رشتہ دار ہی شامل رہیں گے۔ کپور فیملی نے اس بات پر پوری طرح سے خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔ ریما جین (رشی کپور کی بہن) نے رنبیر کپور اور عالیہ کی شادی سے متعلق رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں شادی کریں گے، لیکن ہمیں بھی نہیں پتہ کب۔ وہ دونوں طے کریں گے اور آپ سبھی کو پتہ لگ جائے گا۔ ہم لوگوں نے کچھ تیاری ہی نہیں کی ہے تو شادی اتنی جلدی کیسے ہوگی؟

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔