کامیاب باپ کے ناکام بیٹے راجیو کپور

راجیو کپور کا فلمی سفر اچھا نہیں رہا اور ان کی ذاتی زندگی بھی مصائب میں گزری۔ رام تیری گنگا میلی کے بعد راجیو اور ان کے والد راج کپور کے تعلقات میں تلخی آ گئی۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>

فائل تصویر آئی اے این ایس

user

یو این آئی

راج کپور کے سب سے چھوٹے بیٹے، رندھیر اور رشی کپور کے چھوٹے بھائی راجیو کپور کی پیدائش 25 اگست 1962 کو ہوئی تھی۔ فلموں میں ان کی آمد 1983 کی فلم ’ایک جان ہیں ہم‘ سے ہوئی تھی۔تاہم راجیو کپور کو شہرت راج کپور کی بطور ڈائریکٹر آخری فلم رام تیری گنگا میلی (1985) سے ملی۔ یہ ان کے کیریئر کی واحد سپر ہٹ فلم تھی۔ انہوں نے اپنے 10 سالہ فلمی کیریئر میں محض 13 فلمیں کیں جن میں سے 12 فلاپ رہیں۔ ساتھ ہی ان کی ہٹ فلم ’رام تیری گنگا میلی‘ کی کامیابی کا سہرا بھی فلم کی اداکارہ منداکنی کو دیا گیا۔

ان کی دیگر فلموں میں آسمان (1984)، لور بوائے (1985)، زبردست (1985) ، ہم تو چلے پردیس (1988) زبردست ، میرا ساتھی ، لاوا ، پریتی ، زلزلہ ، شکریہ ، ناگ ناگین اور زمیدار شامل ہیں۔
سال 1990 کی دہائی میں اداکاری کی بجائے راجیو کپور کی ساری توجہ فلم ڈائریکشن اور پروڈکشن پر مرکوز ہوگئی۔


پہلے 1991 میں اپنے بھائی رندھیر کپور کی فلم حنا میں پروڈیوسر کے طور پر کام کیا جبکہ 1996 میں فلم پریم گرنتھ کی ہدایت کاری کی جس میں مرکزی کردار ان کے بڑے بھائی رشی کپور نے ادا کیا تھا۔
انہوں نے منداکنی ، کِیمی کاٹکر ، امریتا سنگھ ، وجیتا پنڈت ، پدمنی کولہاپورے ، میناکشی شیشادھری ، ڈمپل کپاڈیا ، دویا رانا ، رتی اگنی ہوتری اور ٹینا منیم کے ساتھ کام کیا۔1998 میں انہیں فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا جسے انہوں نے آر کے بینر کی جانب سے قبول کیا۔وہ 1999 میں فلم ’آ اب لوٹ چلیں‘ کے پروڈیوسر بھی تھے جس کے بعد انہوں نے بالی وڈ سے دوری اختیار کرلی تھی۔

راجیو کپور کا فلمی سفر اچھا نہیں رہا اور ان کی ذاتی زندگی بھی مصائب میں گزری۔ رام تیری گنگا میلی کے بعد راجیو اور ان کے والد راج کپور کے تعلقات میں تلخی آ گئی۔ راجیو کو یقین تھا کہ اس کے والد نے انہیں صحیح طریقے سے لانچ نہیں کیا تھا۔ راجیو نے سال 2001 میں آرتی سبھروال سے شادی کی، لیکن وہ اپنی شادی شدہ زندگی میں کبھی خوش نہیں رہے۔ شادی کے دو سال مکمل ہونے سے پہلے ہی 2003 میں آرتی اور راجیو کی طلاق ہو گئی۔ اس کے بعد سے راجیو کپور تنہا زندگی گزار رہے تھے۔


انتقال سے قبل انہوں نے فلموں میں واپسی کا اعلان کیا تھا اور ڈائریکٹر آسوتوش گواریکر کی فلم میں کردار ادا کرنا تھا۔ اس فلم کا اعلان دسمبر 2020 میں ہوا تھا اور مرکزی کردار سنجے دت ادا کررہے ہیں۔آخری بار راجیو کپور اپنے خاندان سے کرسمس کے موقع پر ملے تھے جس کی تصاویر کرینہ کپور نے انسٹاگرام پر شیئر کی تھیں۔ راجیو کپور کا انتقال 9 فروری 2021 کو 58 سال کی عمر میں ہوا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔