فلم ’پرینیتا‘ کے ہدایت کار پردیپ سرکار کا 67 سال کی عمر میں انتقال
فلم 'پرینیتا' کے ہدایت کار پردیپ سرکار 67 سال کی عمر میں انتقال کر گئے، پردیپ ہدایت کار کے ساتھ ایک بہترین مصنف بھی تھے اور انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز ونود چوپڑا پروڈکشن سے کیا تھا
ممبئی: بالی ووڈ سے ایک اور بری خبر سامنے آئی ہے۔ فلم 'پرینیتا' کے ہدایت کار پردیپ سرکار 67 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ رپورٹ کے مطابق ڈاکٹروں نے انہیں ڈائیلاسس پر رکھا اور ان کے جسم میں پوٹاشیم کی سطح میں زبردست کمی آئی تھی۔ پردیپ سرکار کو دیر رات اسپتال لے جایا گیا لیکن ڈاکٹر انہیں بچا نہیں سکے۔
پردیپ سرکار ہدایت کار کے ساتھ ایک بہترین مصنف بھی تھے۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز ونود چوپڑا پروڈکشن سے کیا تھا۔ انہوں نے 17 سال تک مین اسٹریم ایڈورٹائزنگ میں تخلیقی ڈائریکٹر-آرٹ کے طور پر کام کیا۔ اس کے بعد ان کی ہدایت کاری کا سفر شروع ہوا۔ ابتدا میں انہوں نے ایک اشتہاری فلم ساز کے طور پر کام کیا۔ اشتہارات کے علاوہ انہوں نے کئی ہٹ میوزک ویڈیوز بھی ڈائریکٹ کیں۔
پردیپ سرکار نے کئی سپرہٹ فلموں کی ہدایت کاری انجام دی لیکن سیف علی خان اور ودیا بالن اسٹارر فلم پرینیتا کو سب سے زیادہ پسند کیا گیا۔ پرینیتا بطور فلم ڈائریکٹر ان کی پہلی فلم تھی۔ اس فلم نے اداکارہ ودیا بالن کو اسٹار بنا دیا اور فلم کو نیشنل ایوارڈ سے بھی نوازا گیا اور اس نے 5 فلم فیئر ایوارڈز بھی جیتے۔ ہیلی کاپٹر ایلا آخری ہندی فلم تھی جس کی ہدایت کاری پردیپ سرکار نے کی تھی۔ اس فلم میں کاجول مرکزی کردار میں نظر آئیں۔
پردیپ سرکار کی موت سے بالی ووڈ میں سوگ کی لہر ہے۔ ان کی موت پر کئی فلمی شخصیات نے غم کا اظہار کیا ہے۔ اداکارہ نیتو چندرا نے ٹوئٹ کیا ’’ہمارے پیارے ہدایت کار دادا اب نہیں رہے۔ میں نے اپنے کیریئر کا آغاز ان کے ساتھ کیا تھا۔ ان کا ہنر حیرت انگیز تھا۔ ان کی فلمیں لارجن دین لائف ہوتی تھیں۔ انہیں بہت یاد کیا جائے گا۔‘‘
اداکار اجے دیوگن نے ان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ اس کے علاوہ اداکار منوج باجپئی اور ہنسل مہتا سمیت کئی فلمی شخصیات نے بھی پردیپ سرکار کی موت پر غم کا اظہار کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔