’ہم رہیں یا نہ رہیں کل، کل یاد آئیں گے یہ پل‘ گانے کے بعد گلوکار کے کے کا انتقال
گلوکار کرشن کمار کناتھ عرف کے کے کا کل کولکتہ میں کنسرٹ تھاجس کے بعد ان کو دل کا دورہ پڑا اور ان کا انتقال ہو گیا ۔
مشہور گلوکار کے کے (کرشن کمار کناتھ) کا منگل کو کولکتہ میں انتقال ہوگیا۔ کے کے جب ایک کنسرٹ میں تقریباً ایک گھنٹہ گانے کے بعد اپنے ہوٹل واپس آئے تو انہوں نے خرابی صحت کی شکایت کی۔ اس کے بعد گلوکار کو کولکتہ کے سی ایم آر آئی اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔
اسپتال کے ایک سینئر اہلکار نے کہا، ''کے کے کو رات 10 بجے کے قریب اسپتال لایا گیا تھا۔ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ ہم ان کا علاج نہیں کر سکے۔" کے کے کی عمر 53 سال تھی۔ ان کے پسماندگان میں اہلیہ اور دو بیٹے ہیں۔ کے کے نے ہندی میں 200 سے زیادہ گانے گائے۔
ویویکانند کالج کی جانب سے نذرل منچ میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس کی جانکاری انہوں نے خود اپنے انسٹاگرام پر دی۔ اس کنسرٹ میں انہوں نے "ہم رہے یا نہ رہے کل، کل یاد آئیں گے یہ پل..." جیسے گانے گائے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے کے کے کی موت پر غم کا اظہار کیا ہے۔ پی ایم مودی نے ٹویٹ کیا، "مشہور گلوکار کرشن کمار کناتھ کی بے وقت موت کے بارے میں سن کر دکھ ہوا۔ ان کے گیتوں میں اظہار کا وسیع سلسلہ ہے۔ ہم انہیں ان کے گانوں کے ذریعے ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ ان کے خاندان اور مداحوں سے میری تعزیت۔ اوم شانتی۔''
اداکار اکشے کمار، گلوکار ارمان ملک، اداکارہ سونل چوہان اور منمن دتہ سمیت کئی مشہور شخصیات نے کے کے کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ ارمان نے کہا کہ ہم یقین نہیں کر پا رہے کہ کے کے صاحب اب نہیں رہے۔
مشہور گلوکار کے کے نے ہندی، تامل، تیلگو، کنڑ، ملیالم، مراٹھی اور بنگالی سمیت کئی زبانوں کے گانوں کو اپنی آواز دی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 01 Jun 2022, 7:11 AM