سلمان خان کے قتل کی سازش ناکام! پانی پت سے ’سکھا‘ نامی مشتبہ شخص گرفتار

پولیس نے سلمان خان کے قتل کی سازش بے نقاب کرتے ہوئے ملزم سکھا کو پانی پت سے گرفتار کر لیا گیا۔ یہ سازش بظاہر بابا صدیقی کے قتل کے بعد سلمان کو نشانہ بنانے کے لیے رچی گئی تھی

سلمان خان / آئی اے این ایس
سلمان خان / آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

ممبئی پولیس نے بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کے قتل کی سازش بے نقاب کرتے ہوئے ایک ملزم کو پانی پت، ہریانہ سے گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق، گرفتار ملزم کا نام سکھا ہے، جسے بدھ کے روز پانی پت سے حراست میں لیا گیا اور نوی ممبئی منتقل کیا گیا۔ سکھا کو جمعرات کے روز عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

یہ سازش بظاہر سیاسی رہنما بابا صدیقی کے قتل کے بعد سامنے آئی ہے، جنہیں حال ہی میں ممبئی میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ اس حملے کی ذمہ داری بدنام زمانہ لارنس بشنوئی گینگ نے قبول کی تھی۔ بابا صدیقی کے قتل کے بعد سلمان خان کی سیکورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔


پولیس نے جون میں انکشاف کیا تھا کہ سلمان خان کو ان کے نوی ممبئی فارم ہاؤس جاتے وقت نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ اس سے قبل، اپریل میں بھی سلمان کے گھر کے باہر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا۔

سلمان خان نے اپنے بیان میں شک ظاہر کیا تھا کہ ان پر اور ان کے خاندان کے افراد پر حملے کا منصوبہ لارنس بشنوئی گینگ نے بنایا ہے۔ ان کا بیان اس چارج شیٹ کا حصہ ہے جو پولیس نے فائل کی ہے۔

پولیس نے مزید کہا کہ سلمان کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے بشنوئی اور سمپت نہرا گینگز نے باندرہ والے گھر، پنويل فارم ہاؤس اور شوٹنگ کی لوکیشن پر تقریباً 60-70 افراد کو تعینات کر رکھا تھا۔ اس سازش کے انکشاف کے بعد 24 اگست کو پنويل ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں کئی افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

سلمان خان کو ملنے والی دھمکیوں اور ان کی سیکورٹی سے متعلق سلمان کے بھائی، ارباز خان نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں کہا کہ ’’یہ ایسا وقت ہے جب آپ کو اندازہ ہوتا ہے کہ کون آپ کے ساتھ کھڑا ہے۔ اس سے آپ کے ارد گرد ہو رہی بہت سی چیزوں کا حقیقی جائزہ فراہم کرتا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔