نرگس کے 95ویں یوم پیدائش پر جذباتی سنجے دت نے کہا- ’ہر دن آپ کی یاد آتی ہے ماں‘
آج معروف اداکارہ نرگس کا 95واں یوم پیدائش ہے۔ اس موقع پر ان کے بیٹے اور اداکار سنجے دت نے انسٹاگرام پر اپنی والدہ کے ساتھ دو مونوکروم تصاویر شیئر کیں اور جذباتی الفاظ لکھے
ممبئی: آج معروف اداکارہ نرگس کا 95واں یوم پیدائش ہے۔ اس موقع پر ان کے بیٹے اور اداکار سنجے دت نے انسٹاگرام پر اپنی والدہ کے ساتھ دو مونوکروم تصاویر شیئر کیں اور جذباتی الفاظ لکھے۔ ایک تصویر میں وہ اپنی والدہ کے ساتھ کیمرے کے سامنے مسکراتے ہوئے نظر آ رہے ہیں جبکہ دوسری تصویر میں اداکارہ کا سنگل فوٹو ہے۔
اس پوسٹ کو شیئر کرتے ہوئے انہوں نے کیپشن میں لکھا، ’’ہیپی برتھ ڈے ماں۔ میں آپ کو ہر دن، ہر منٹ، ہر سیکنڈ یاد کرتا ہوں۔ کاش آپ میرے ساتھ ہوتیں۔ مجھے اس طرح جینا سکھاتیں جس طرح آپ چاہتی تھیں۔ مجھے امید ہے کہ آپ کو مجھے دیکھ کر فخر ہوتا ہوگا۔ لو یو ماں، آپ کی یاد آتی ہے ماں۔‘‘
یکم جون 1929 کو کولکاتا میں پیدا ہونے والی نرگس کا اصل نام فاطمہ راشد تھا۔ ان کے والد عبدالرشید کا تعلق راولپنڈی کے ایک مشہور گھرانے سے تھا جو ہندو سے مسلمان ہو گئے تھے۔ والدہ جدن بائی اپنے وقت کی مشہور کلاسیکی گلوکارہ تھیں۔
اداکاری کے کیریئر کی بات کریں تو نرگس کا کیرئیر تین دہائیوں سے زیادہ پر محیط رہا۔ انہوں نے سکرو بال کامیڈی سے لے کر ادبی ڈرامے تک مختلف انواع میں پرفارم کیا۔
اداکارہ نے 1935 میں 6 سال کی عمر میں 'تلاش حق' میں کام کیا۔ لیکن مرکزی اداکارہ کے طور پر ان کا سفر 1943 میں 'تقدیر' سے شروع ہوا۔ اس کے بعد انہوں نے 'انداز'، 'برسات'، 'آوارہ'، 'شری 420'، 'رات اور دن' اور 'مدر انڈیا' جیسی فلموں میں کام کیا۔ نرگس نے 1958 میں اپنے 'مدر انڈیا' کے ساتھی اداکار سنیل دت سے شادی کی۔ شادی کے بعد ان کے 3 بچے ہوئے۔
سنجے کی پہلی فلم 'راکی' 6 مئی 1981 کو ریلیز ہونی تھی لیکن اس سے تین دن پہلے یعنی 3 مئی کو نرگس پینکریاز کے کینسر کی وجہ سے چل بسیں۔ انہوں نے 51 سال کی عمر میں آخری سانس لی۔ ایک سال بعد ان کی یاد میں نرگس دت میموریل کینسر فاؤنڈیشن قائم کیا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔