سلمان خان کو دھمکی دینے والے شخص کا پتہ چل گیا، پولیس نے کیا گرفتار!
دہلی پولیس کے ذرائع نے بتایا ہے کہ اداکار سلمان خان کو ملی دھمکی بھرے خط کا معمہ حل ہو گیا ہے، دہلی پولیس نے مہاراشٹر پولیس کی مدد سے اس معاملے کو سلجھانے کی بات کہی ہے۔
جیسے ہی سلمان خان کو جان سے مارنے کی دھمکی ملی، پولیس دھمکی دینے والے کا پتہ لگانے کے لیے جی جان سے لگ گئی۔ سلمان خان اور ان کے کنبہ سے پولیس نے پوچھ تاچھ کی، پھر دہلی میں قید گینگسٹر لارنس بشنوئی سے بھی پوچھ تاچھ ہوئی، لیکن کچھ بھی پتہ نہیں چل سکا۔ لیکن اب خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ نہ صرف سلمان کو دھمکی دینے والے شخص کا پتہ چل گیا ہے، بلکہ پولیس نے اسے گرفتار بھی کر لیا ہے۔
ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق دہلی پولیس کے ذرائع نے بتایا ہے کہ اداکار سلمان خان کو ملی دھمکی بھرے خط کا معمہ حل ہو گیا ہے۔ دہلی پولیس نے مہاراشٹر پولیس کی مدد سے اس معاملے کو سلجھانے کی بات کہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس نے مہاکال نامی ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے اس سے پوچھ تاچھ بھی کی ہے جس میں اس نے بتایا کہ خط لکھنے کے پیچھے اس کا مقصد کیا تھا۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ خط لکھنے کا یہ معاملہ کسی نہ کسی طرح لارنس بشنوئی گینگ سے جڑا ہوا ہے۔
اس سے قبل دن میں ممبئی پولیس کی کرائم برانچ کی ایک ٹیم فلم رائٹر سلیم خان اور ان کے بیٹے اداکار سلمان خان کو دھمکی بھرا خط ملنے کے معاملے میں گینگسٹر لارنس بشنوئی سے پوچھ تاچھ کے لیے دہلی پہنچی تھی۔ ممبئی پولیس نے سلیم خان اور سلمان خان کے بیانات پہلے ہی درج کر لیے تھے۔ اس کے بعد اداکار کے باندرا واقع رہائش کی سیکورٹی بڑھا دی گئی۔ پولیس نے سلمان کے دو باڈی گارڈوں کے بھی بیانات درج کیے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ سلمان خان کو جو دھمکی آمیز خط ملا ہے اس میں لکھا گیا ہے کہ ’’سلیم خان، سلمان خان بہت جلد آپ کا موسیٰ والا جیسا حال ہوگا۔ جی بی، ایل بی...۔‘‘ اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ ’جی بی‘ اور ’ایل بی‘ کا مطلب گینگسٹر گولڈی برار اور لارنس بشنوئی ہو سکتا ہے۔ حالانکہ پولیس نے اس بارے میں کوئی بھی جانکاری نہیں دی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔