بہترین موسیقی سے سامعین کو مسحور کرنے والے موسیقار ’آنند جی‘... یوم پیدائش پر خاص
1965 میں ریلیز فلم ’ہمالیہ کی گود میں‘ کی کامیابی کے بعد كلیان جی آنند جی شہرت کی بلندیوں پر جا پہنچے، فلمی کیریئر کے ابتدائی دور میں ان کی جوڑی اداکار و ہدایت کار منوج کمار کے ساتھ بہت پسند کی گئی۔
ممبئی: بالی ووڈ میں آنند جی کا نام ایک ایسے موسیقار کے طور پر شمار کیا جاتا ہے جنہوں نے اپنے نغموں کے ذریعے سامعین کو محظوظ کیا۔ آنند جی کی پیدائش 02 مارچ 1933 کو ہوئی جبکہ ان کے بڑے بھائی كلیان جی ویر جی شاہ کی پیدائش 30 جون 1928 کو ہوئی تھی۔ بچپن سے ہی کلیان جی اور آنندجی موسیقار بننے کا خواب دیکھا کرتے تھے حالانکہ انہوں نے کسی استاد سے موسیقی کی تعلیم نہیں لی تھی، اپنے اسی خواب کو پورا کرنے کے لئے کلیان جی ممبئی آ گئے جہاں ان کی ملاقات موسیقار ہیمنت کمار سے ہوئی۔ کلیان جی، ہیمنت کمار کے اسسٹنٹ کے طور پر کام کرنے لگے، بطور موسیقار سب سے پہلے 1958 میں آئی فلم 'سمراٹ چندر گپت' میں انہیں موسیقی دینے کا موقع ملا لیکن فلم کی ناکامی کی وجہ سے وہ کچھ خاص شناخت نہیں بنا پائے۔
کلیان جی نے بطور موسیقار شناخت بنانے کے لئے تقریباً دو سال تک فلم انڈسٹری میں جدوجہد کی. اس دوران انہوں نے کئی بی اور سی گریڈ کی فلمیں بھی کیں، سال 1960 میں انہوں نے اپنے چھوٹے بھائی آنندجی کو بھی ممبئی بلا لیا، اس کے بعد كلیان جی نے آنند جی کے ساتھ مل کر فلموں میں موسیقی دینا شروع کیا۔ سال 1960 میں ہی ریلیز فلم چھلیا كی کامیابی سے بطور موسیقار کسی حد تک كلیان جی۔ آنند جی اپنی شناخت بنانے میں کامیاب ہو گئے۔ فلم چھلیا میں ان کی موسیقی سے سجے نغمات ڈم ڈم ڈگا ڈگا، چھلیا میرا نام سامعین کے درمیان آج بھی مقبول ہیں۔
سال 1965 میں ریلیز موسیقی کی فلم ہمالیہ کی گود میں... کی کامیابی کے بعد كلیان جی آنند جی شہرت کی بلندیوں پر جا پہنچے، فلمی کیریئر کے ابتدائی دور میں ان کی جوڑی اداکار و ہدایت کار منوج کمار کے ساتھ بہت پسند کی گئی۔ منوج کمار نے سب سے پہلے اس موسیقار جوڑے سے فلم اپکار کے لئے موسیقی کی پیشکش کی۔
اس فلم میں اندیور کے گیت 'قسمیں وعدے پیار وفا' کے لئے دل کو چھو لینے والی موسیقی دے کر كلیان جی آنند جی نے سامعین کوبے حد متاثر کر دیا، اس کے علاوہ منوج کمار کی ہی فلم پورب اور پچھم... کے لیے بھی كلیان جی آنند جی نے دلهن چلی وہ پہن چلی تین رنگ چولی... اور كوئی جب تمہارا دل توڑ دے... جیسے سدا بہار موسیقی دے کر الگ ہی سماں باندھ دیا۔ سال 1970 میں ریلیز فلم جانی میرا نام میں نفرت کرنے والوں کے سینے میں پیار بھر دوں... پل بھر کے لیے کوئی مجھ سے پیار کر لے، جیسے رومانی گیتوں کو موسیقی دے کر كلیانجی-آنند جی نے سامعین کا دل جیت لیا۔
منموہن دیسائی کی ہدایت میں فلم سچا جھوٹا کے لئے كلیان جی-آنند جی نے بے مثال موسیقی دی...میری پیاری بهنیا بنے گی دلهنیا... کو آج بھی شادی کے موقع پر سنا جا تا ہے، كلیان جی آنند جی کے پسندیدہ فلمساز ڈائریکٹرز میں پرکاش مہرا، منوج کمار، فیروز خان وغیرہ اہم ہیں، کلیان جی -آنند جی کے فلمی کیریئر پر نظر ڈالنے پر پتہ لگتا ہے کہ سپر اسٹار امیتابھ بچن پر فلمائے ان کے گیت بہت مقبول ہوا کرتے تھے، سال 1989 میں سلطان احمد کی فلم داتا... میں ان دلکش سنگیت ’ بابل کا یہ گھر بہنا ایک دن کا ٹھکانا ہے... آج بھی سامعین کی آنکھوں کو نم کر دیتا ہے۔
سال 1968 میں آئی فلم سرسوتی چندر کے لئے كلیان جی -آنند جی کو بہترین موسیقار کے لئے قومی ایوارڈ کے ساتھ ساتھ فلم فیئر ایوارڈ بھی دیا گیا، اس کے علاوہ 1974 میں ریلیز کورا کاغذ کے لئے بھی انہیں بہترین موسیقار کا فلم فیئر ایوارڈ دیا گیا، كلیان جی-آنند جی نے اپنے فلمی کیریئر میں تقریباً 250 فلموں کو سنگیت دیا۔ سال 1991 میں آئی فلم پرتگیا بدھ... ان دونوں کی جوڑی والی آخری فلم تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔