کرن راؤ کی فلم ’لاپتہ لیڈیز‘ آسکر ایوارڈس میں کرے گی ہندوستان کی نمائندگی، فلم فیڈریشن آف انڈیا کی تصدیق
فلم فیڈریشن نے پیر کے روز اعلان کیا کہ ’لاپتہ لیڈیز‘ کو آسکر 2025 کے لیے آفیشیل انٹری کی شکل میں منتخب کیا گیا ہے، رنبیر کپور کی فلم ’انیمل‘ سمیت 29 فلموں کی فہرست میں سے ’لاپتہ لیڈیز‘ کا انتخاب ہوا۔
ہندوستان سے ’آسکر 2025‘ کے لیے کرن راؤ کی ہدایت کاری میں بنی فلم ’لاپتہ لیڈیز‘ کو بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس بات کی فلم فیڈریشن آف انڈیا نے تصدیق بھی کر دی ہے اور بتایا ہے کہ آفیشیل انٹری کی شکل میں ’لاپتہ لیڈیز‘ کو آسکر میں بھیجا گیا ہے۔ اس طرح سے کرن راؤ کی ایک بڑی خواہش پوری ہو گئی۔
دراصل گزشتہ دنوں کرن راؤ نے اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ ان کی فلم ’لاپتہ لیڈیز‘ کو آسکر میں بھیجا جائے۔ انھوں نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی سے ایک بات چیت کے دوران کہا تھا کہ ان کی یہ تمنا ہے کہ فلم ’لاپتہ لیڈیز‘ آسکر کی ریس میں شامل ہو۔ اب پی ٹی آئی نے ہی یہ خبر دی ہے کہ پیر کے روز فلم فیڈریشن آف انڈیا نے اعلان کیا کہ ’لاپتہ لیڈیز‘ کو آسکر 2025 کے لیے آفیشیل انٹری کی شکل میں منتخب کیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ رنبیر کپور کی اداکاری والی فلم ’انیمل‘، ملیالم فلم ’آٹّم‘ اور پایل کپاڑیہ کی ’آل وی امیجن اینڈ لائٹ‘ سمیت 29 فلموں کی فہرست میں سے ’لاپتہ لیڈیز‘ کو آسکر بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہندوستان کو اس فلم سے بہت امیدیں ہیں کیونکہ فلم کو ناقدین کی بہت تعریف حاصل ہوئی ہے۔ فلم کا موضوع بھی انتہائی دلچسپ ہے اور اس میں موجود سبھی اداکاروں نے بہترین کام کیا ہے۔
آسامی ہدایت کار جاہنو بروا کی صدارت والی 13 رکنی سلیکشن کمیٹی نے اتفاق رائے سے عامر خان اور کرن راؤ کے ذریعہ بنائی گئی ’لاپتہ لیڈیز‘ کو اکادمی ایوارڈس میں بہترین بین الاقوامی فلم زمرہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس لسٹ میں تمل فلم ’مہاراجہ‘، ’کلکی 2898 اے ڈی‘، ’ہنومان‘، ’سواترنتریہ ویر ساورکر‘ اور ’آرٹیکل 370‘ بھی شامل تھیں، لیکن بازی ’لاپتہ لیڈیز‘ نے ماری۔
فلم ’لاپتہ لیڈیز‘ دو ہندوستانی دلہنوں کی کہانی پر مبنی ہے جس میں وداعی کے بعد سسرال جاتے ہوئے دونوں ٹرین میں غلطی سے بدل جاتی ہیں۔ فلم کی کہانی متاثر کرنے والی ہے۔ اسے عامر خان پروڈکشنز اور کرن راؤ کے کنڈلنگ پروڈکشنز کے بینر تلے پروڈیوس کیا گیا ہے۔ اس فلم کو رواں سال مارچ میں سنیما گھروں میں ریلیز کیا گیا تھا۔ اس میں نتانشی گویل، پرتبھا رانٹا، چھایا کدم، اسپرش شریواستو اور ابھے دوبے جیسے اداکار شامل ہیں۔ اداکار روی کشن اس میں پولیس افسر کے کردار میں نظر آئے ہیں۔ یہ خواتین کی خود مختاری کے تئیں سماج کو بیدار کرنے والی فلم ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔