مداح کے قتل کا معاملہ: کرناٹک ہائی کورٹ نے اداکار درشن کو 6 ہفتے کی عبوری ضمانت دی

کرناٹک ہائی کورٹ نے اداکار درشن تھوگودیپا کو رینوکاسوامی قتل کیس میں طبی بنیادوں پر 6 ہفتے کی عبوری ضمانت دے دی ہے۔ درشن نے سرجری کے لیے میسور جانے کی درخواست کی تھی

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

بنگلورو: کرناٹک ہائی کورٹ نے مقبول کنڑ اداکار درشن تھوگودیپا کو 6 ہفتوں کے لیے عبوری ضمانت دے دی ہے، جو اس وقت اپنے ایک مداح رینوکاسوامی کے قتل کے معاملہ میں زیر حراست ہیں۔

درشن کو طبی علاج کی بنیاد پر 6 ہفتوں کی ضمانت دی گئی ہے۔ اس معاملے پر سماعت کے بعد جسٹس ایس وشواجیت شیٹی نے عبوری ضمانت کی منظوری دی۔ درشن کو پہلے بنگلورو جیل میں رکھا گیا تھا، لیکن جیل میں وی آئی پی علاج کے الزامات کے بعد انہیں بلاری جیل منتقل کر دیا گیا۔

درشن، جو 11 جون کو اپنی گرفتاری کے بعد سے بلاری جیل میں بند ہیں، پر الزام ہے کہ انہوں نے 33 سالہ آٹو ڈرائیور رینوکاسوامی پر حملہ کیا تھا، جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

درشن کی باقاعدہ ضمانت کی درخواست، جسے پہلے ٹرائل کورٹ نے مسترد کر دیا تھا، ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے۔ اس معاملے میں درشن نے انہیں ضمانت نہ دینے کے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو بھی چیلنج کیا ہے اور ہائی کورٹ میں باقاعدہ ضمانت کی درخواست بھی زیر التواء ہے۔ جلد ہی ہائی کورٹ میں اس معاملے کی بھی سماعت ہو سکتی ہے۔


درشن کی طرف سے پیش ہوئے سینئر وکیل ایس ناگیش نے طبی رپورٹیں پیش کیں جن میں بتایا گیا ہے کہ درشن کی ریڑھ کی ہڈی اور پاؤں میں تکلیف کے سبب فوری طور پر سرجری کی ضرورت ہے۔ ہائی کورٹ نے بلاری سینٹرل جیل اور بلاری کے سرکاری اسپتال کے ماہرین کی رپورٹوں کا جائزہ لیا، جس میں سرجری کی ضرورت کی تائید کی گئی تھی۔

درشن کے وکیل نے کہا تھا کہ درشن میسور کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں علاج کروانا چاہتے ہیں۔ پبلک پراسیکیوٹر نے اس کی مخالفت کی اور کہا گیا کہ درشن کا علاج بنگلورو میں بھی ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ایک میڈیکل بورڈ کو درشن کی حالت کا جائزہ لینا چاہئے۔

دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد ہائی کورٹ نے منگل کو اپنا فیصلہ نہیں سنایا تھا۔ اب بدھ کو ہائی کورٹ نے درشن کو 6 ہفتے تک عبوری ضمانت دے دی ہے۔ اس دوران وہ میسور میں سرجری کرائیں گے۔

33 سالہ آٹو ڈرائیور رینوکاسوامی کو 9 جون کو اغوا کیا گیا تھا۔ اسے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کر دیا گیا تھا۔ یہ سب مبینہ طور پر کنڑ فلم اسٹار درشن کے کہنے پر کیا گیا۔ بتایا گیا کہ رینوکاسوامی نے اداکارہ پاویترا گوڑا کو فحش پیغامات بھیجے تھے، جو درشن کی ساتھی سمجھی جاتی ہیں۔ پولیس کی جانچ میں یہ بھی پتہ چلا ہے کہ درشن خود رینوکاسوامی کے ساتھ تشدد میں ملوث تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔