فلم ’جوان‘ کے ٹریلر نے انٹرنیٹ پر مچایا طوفان، شاہ رخ خان کا انداز دیکھ کر نیٹی زنس کے اڑے ہوش

شاہ رخ خان کی ایکشن اور ڈائیلاگ سے بھرپور فلم ’جوان‘ کا ٹریلر جمعرات کو جاری کیا گیا، اس کے منظر عام پر آتے ہی انٹرنیٹ پر زبردست ہلچل مچ گئی، ٹریلر میں شاہ رخ کا زبردست انداز دیکھنے کو مل رہا ہے۔

جوان فلم کا پوسٹر / ٹوئٹر
جوان فلم کا پوسٹر / ٹوئٹر
user

قومی آواز بیورو

شاہ رخ خان کی ایکشن اور دَمدار ڈائیلاگ سے بھرپور فلم ’جوان‘ کا ٹریلر جمعرات کو جاری کیا گیا۔ 2 منٹ 45 سیکنڈ طویل ٹریلر کی شروعات شاہ رخ خان کی آواز سے ہوتی ہے جو کہتے ہیں ’’ایک راجہ تھا، ایک کے بعد ایک جگ ہارتا گیا... بھوکا پیاسا گھوم رہا تھا جنگل میں، بہت غصے میں تھا۔‘‘ ٹریلر میں شاہ رخ کے کردار کو سمندر میں تیرتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے جس کے ہاتھوں پر خون لگا ہوا ہے اور پوری طرح سے پٹی بندھی ہے۔ اس کے بعد ایک اغوا کے منظر میں ایکشن ہوتا ہے۔ فلم کا ایک دلچسپ منظر دکھایا گیا ہے جس میں پوری طرح گنجے شاہ رخ خان میٹرو میں لوگوں کو یرغمال بنائے نظر آ رہے ہیں۔ ان سے فون پر پوچھا جاتا ہے ’’یہ بتاؤ تمھیں چاہیے کیا؟‘‘ شاہ رخ جواب دیتے ہیں ’’چاہیے تو عالیہ بھٹ۔‘‘

فلم کے ٹریلر میں شاہ رخ کی جھلک ایک فوجی جوان کی شکل میں بھی دکھائی گئی ہے جس میں وہ وردی پہنے اور مونچھ کے ساتھ ہیں۔ ٹریلر میں سانیا ملہوترا، پریامنی، نین تارا اور دیپکا پادوکون کی جھلک بھی ہے۔ دیپکا تو شاہ رخ کے ساتھ لڑائی کرتی ہوئی بھی دکھائی دے رہی ہیں۔ ٹریلر میں کچھ مقامات پر کامیڈی کا بھی تڑکا موجود ہے۔


فلم کا ٹریلر دیکھ کر پتہ چلتا ہے کہ وجئے سیتوپتی نے اس میں کالی کا کردار نبھایا ہے جو دنیا کا چوتھا سب سے بڑا اسلحے کا ڈیلر ہے۔ اس میں ایک زبردست ڈائیلاگ بھی ہے جس میں شاہ رخ کہتے ہیں ’’ہم جوان ہیں۔ 1000 بار اپنی جان داؤ پر لگا سکتے ہیں، لیکن صرف ملک کے لیے۔ تمھارے جیسے ملک بیچنے والوں کے لیے نہیں... تو کالی، کوئی ڈیل نہیں۔‘‘

واضح رہے کہ فلم ’جوان‘ دنیا بھر میں 7 ستمبر 2023 کو ہندی، تمل اور تیلگو زبان میں ریلیز ہوگی۔ اس فلم کا شائقین کو بے صبری سے انتظار ہے۔ ٹریلر ریلز ہونے کے بعد تو ان شاہ رخ کے چاہنے والوں کی بے قرار مزید بڑھ گئی ہے۔ شاہ رخ نے اپنے انداز سے نیٹی زینس کے ہوش اڑا دیے ہیں۔ اب شاہ رخ کے چاہنے والے ان کے فوجی جوان والے انداز اور منفی کردار دونوں سے جلد از جلد لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔