’جیکلین فرنانڈیز نے ثبوتوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی، ہندوستان چھوڑنے کا بھی تھا منصوبہ‘، کورٹ میں ای ڈی کا دعویٰ

ای ڈی کا کہنا ہے کہ جیکلین فرنانڈیز نے جانچ کے دوران ثبوتوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی تھی، وہ 200 کروڑ روپے کے منی لانڈرنگ معاملے میں دخل دے سکتی ہیں۔

جیکلین فرنانڈیز، تصویر آئی اے این ایس
جیکلین فرنانڈیز، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

بالی ووڈ اداکارہ جیکلین فرنانڈیز کی پریشانیاں ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔ حالانکہ ہفتہ کے روز عدالت نے جیکلین کو تھوڑی راحت دیتے ہوئے عبوری ضمانت کی مدت 10 نومبر تک کے لیے بڑھا دی ہے، لیکن ای ڈی (انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ) نے اس ضمانت کی مخالفت کی۔ ای ڈی نے عدالت میں پیش اپنے خط میں کچھ حیران کرنے والی باتیں بھی رکھی ہیں۔ ای ڈی کا کہنا ہے کہ جیکلین فرنانڈیز نے جانچ کے دوران ثبوتوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی تھی اور وہ 200 کروڑ روپے کے منی لانڈرنگ معاملے میں دخل دے سکتی ہیں۔

ای ڈی نے جیکلین پر مزید کچھ سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ ای ڈی کا کہنا ہے کہ جیکلین جانچ کے دوران ہندوستان چھوڑ کر فرار ہونے کی بھی کوشش کی تھی، لیکن ایل او سی جاری ہونے کے سبب کامیاب نہیں ہو سکیں۔ ای ڈی کا یہ بھی کہنا ہے کہ جیکلین نے کبھی بھی جانچ میں تعاون پیش نہیں کیا۔


ای ڈی نے اپنی مذکورہ بالا دلائل کے ساتھ عدالت سے گزارش کی کہ جیکلین کو ضمانت نہ دی جائے۔ اس سے قبل دہلی کی پٹیالہ ہاؤس کورٹ میں جیکلین کی ضمانت عرضی پر سماعت کے دوران ای ڈی نے جواب داخل کرنے کے لیے وقت مانگا۔ عدالت نے ای ڈی سے پوچھا کہ کیا آپ نے چارج شیٹ کی کاپی سبھی ملزمین کو دی۔ جیکلین کے وکیل نے کہا کہ ای ڈی نے کورٹ میں کہا کہ وہ چارج شیٹ کی کاپی دے گی، لیکن اس کے بعد بھی انھیں یہ کاپی نہیں ملی۔

اس سے قبل منی لانڈرنگ معاملے میں سماعت کرتے ہوئے عدالت نے جیکلین فرنانڈیز کی ضمانت 9 نومبر تک کے لیے بڑھا دی۔ اس معاملے کی سماعت اب 10 نومبر کو ہوگی۔ واضح رہے کہ یہ معاملہ دہلی کے پٹیالہ ہاؤس کورٹ میں چل رہا ہے۔ آج بھی سماعت کے دوران جیکلین اپنے وکیل کے ساتھ عدالت میں موجود تھیں۔ عدالت نے سماعت کے دران ای ڈی کو ہدایت دی کہ وہ سبھی فریقین کو چارج شیٹ اور معاملے سے منسلک سبھی دستاویزات سونپے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔