می ٹو مہم: نانا پاٹیکر کے خلاف شکایت درج، خاتون کانگریس کا احتجاج

گزشتہ شام تنوشری نے ناناپاٹیکر اور دیگر تین افراد کے خلاف شکایت درج کرائی ہے۔ پولس نے تقریباً پانچ گھنٹے تک اداکارہ کا بیان درج کیا اور تعزیرات ہند کی دفعہ 354، اور دفعہ503 کے خلاف کیس درج کرلیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ممبئی: ممبئی پولس نے اداکارہ تنوشری دتا کی شکایت کے بعد سخت کارروائی کرتے ہوئے معروف اداکار ناناپاٹیکر سمیت 4 افراد کے خلاف شکایت درج کرلی ہے۔ گزشتہ شب اوشیورہ پولس نے شکایت درج کرنے کا فیصلہ کیا۔ آج صبح نانا پاٹیکر کے گھر کے سامنے ممبئی کانگریس خواتین شاخ نے مظاہرہ کیا ۔

واضح رہے کہ ممبئی میں 2008میں ’ہارن اوکے پلیز‘نامی فلم کی شوٹنگ کے دوران دونوں اداکار کے درمیان تنازع پیدا ہوگیا تھا۔ کیونکہ تنوشری دتا نے الزام عائد کیا تھا کہ نانا پاٹیکر نے شوٹنگ کے دوران جنسی استحصال کرنے کی کوشش کی تھی، حال میں بالی ووڈ میں ’’می ٹومہم‘‘ کے دوران ایک بار پھر تنو شری دتا نے اس الزام کو دہرایا ہے، اس کے بعد سوشل میڈیا پر تیزی سے یہ معاملہ وائرل ہوگیا۔

گزشتہ شام تنوشری نے ناناپاٹیکر اور دیگر تین افراد کے خلاف شکایت درج کرائی ہے۔ پولس نے تقریباً پانچ گھنٹے تک اداکارہ کا بیان درج کیا اور تعزیرات ہند کی دفعہ 354(چھیڑچھاڑ)، اور دفعہ503(خواتین سے نازیبا حرکت کرنا)، کے تحت نانا پاٹیکر، کوریوگرافرگنیش اچاریہ، فلمسازشامی صدیقی اور ہدایت کارراکیش سارنگ کے خلاف کیس درج کرلیا ہے، فی الحال اس معاملہ میں پولس کی جانب سے کسی طرح کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

تنوشری دتا کے وکیل نے کہا کہ اگر پولس نے اس سلسلہ میں تسلی بخش جواب نہیں دیا تو عدالت سے رجوع کیا جاسکتا ہے ،ان کی شکایت کے بعد نانا اور دیگر تین افراد کےخلاف معاملہ درج کیا ہے ، اس درمیان مہاراشٹر کمیشن برائے خواتین نے بھی نانا پاٹیکر ،کوریوگرافرگنیش اچاریہ ،فلمسازشامی صدیقی اور ہدایت کارراکیش سارنگ کیخلاف اس سنگین الزام کے تعلق سے نوٹس دے کرجواب طلب کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔