ہیما مالنی نے اپنی اداکاری سے ناظرین کو ہمیشہ مسحور کیا

فلم سیتا اور گیتا ان کے فلمی کیریئر میں سنگ میل ثابت ہوئی۔ اس فلم میں ان کی زبردست اداکاری کے لئے انہیں بہترین اداکارہ کے فلم فیئر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>

فائل تصویر آئی اے این ایس

user

یو این آئی

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ہیما مالنی آج 76 برس کی ہو گئی ہیں۔16 اکتوبر 1948 کو امان کنڈی، تمل ناڈو میں پیدا ہوئیں ہیما مالنی کی والدہ جیا چکرورتی ایک فلم پروڈیوسر تھیں۔ ہیما نے اپنی ابتدائی تعلیم چنئی سے مکمل کی۔ سال 1961 میں ہیما مالنی کو ایک مختصر ڈرامے پانڈو ونواسم میں بطور ڈانسر کام کرنے کا موقع ملا۔1968 میں ہیما مالنی کو پہلی بار راج کپور کے ساتھ سپنوں کا سوداگر میں کام کرنے کا موقع ملا۔ فلم کی پروموشن کے دوران ہیما مالنی کو ڈریم گرل کے طور پر پروموٹ کیا گیا۔ بدقسمتی سے یہ فلم باکس آفس پر ناکام ثابت ہوئی لیکن بطور اداکارہ ہیما مالنی کو ناظرین نے پسند کیا۔

ہیما مالنی کو پہلی کامیابی 1970 میں ریلیز ہونے والی فلم ’جانی میرا نام ‘سے ملی۔ اس میں ان کے ساتھ اداکار دیوآنند مرکزی کردار میں تھے۔ فلم میں ہیما اور دیوآنند کی جوڑی کو شائقین نے بے حد سراہا اور فلم سپرہٹ رہی۔اس کے بعد رمیش سپی کی 1971 میں ریلیز ہونے والی فلم انداز میں ہیما مالنی نے اپنی اداکاری سے ناظرین کو مسحور کردیا۔سال 1972 میں ہیما کو رمیش سپی کی ہی فلم سیتا اور گیتا میں کام کرنے کا موقع ملا، جو ان کے فلمی کیریئر میں سنگ میل ثابت ہوا۔ اس فلم کی کامیابی کے بعد وہ شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئیں۔ اس فلم میں ان کی زبردست اداکاری کے لئے انہیں بہترین اداکارہ کے فلم فیئر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔


ہیما مالنی نے جب فلم انڈسٹری میں قدم رکھا تھا تو ایک تامل ہدایت کار سریدھر نے انہیں اپنی فلم میں کام دینے سے یہ کہہ کر انکار کر دیا کہ ان کے پاس اسٹار اپیل نہیں ہے۔ بعد ازاں ستر کی دہائی میں اسی پروڈیوسر اور ہدایت کار نے ان کی مقبولیت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 1973 میں ان کے ساتھ فلم ’گہری چال‘ بنائی۔ دھرمیندر کے ساتھ ہیما مالنی کی جوڑی سلور اسکرین پر کامیاب رہی۔ یہ فلمی جوڑی پہلی بار فلم’ شرافت ‘سے روشنی میں آئی تھی۔ سال 1975 میں ریلیز ہونے والی فلم شعلے میں دھرمیندر کے ویرو اور ہیما مالنی بسنتی کے کردار نے شائقین کو محظوظ کیا، ہیما اور دھرمیندر کی اس جوڑی کو اس قدر پسند کیا گیا کہ دھرمیندر کی ریل لائف ڈریم گرل ہیما مالنی ان کی حقیقی زندگی کی ڈریم گرل بن گئیں۔ بعد میں اس جوڑی نے ڈریم گرل، چرس، آس پاس، پرتیگیا، راجہ جانی، رضیہ سلطان، علی بابا چالیس چور، بغاوت، آتنک، دی برننگ ٹرین، دوست وغیرہ جیسی فلموں میں ایک ساتھ کام کیا۔

ستر کی دہائی میں ہیما مالنی پر یہ الزام لگایا جانے لگا کہ وہ صرف گلیمر کردار ہی ادا کرسکتی ہیں لیکن انہوں نے خوشبو، کنارا اور میرا جیسی فلموں میں سنجیدہ کردار ادا کر کے اپنے ناقدین کو ہمیشہ کے لیے خاموش کر دیا۔اس دوران ہیما مالنی نے ان کی خوبصورتی اور اداکاری کا جلوہ چھایا ہوا تھا جسے دیکھ کر پروڈیوسر پرمود چکرورتی نے ان کے ساتھ فلم ڈریم گرل بنائی۔


سال 1990 میں ہیما مالنی نے چھوٹے پردے کا رخ کیا اور سیریل نوپور کی ہدایت کاری کی، اس کے بعد سال 1992 میں انہوں نے فلم اداکار شاہ رخ خان کے ساتھ فلم دل آشنا ہے کی فلم سازی اور ہدایت کاری کی۔سال 1995 میں انہوں نے چھوٹے پردے کے لئے موہنی پروڈیوس اور ڈائریکٹ کی۔ فلموں میں کئی کردار ادا کرنے کے بعد ہیما مالنی نے سماجی خدمت کے لیے سیاست میں قدم رکھا۔ سال 2000 میں ہیما مالنی کو پدم شری ایوارڈ سے نوازا گیا۔ہیما مالنی نے اپنے چار دہائیوں کے طویل فلمی کیریئر میں تقریباً 150 فلموں میں کام کیا۔ ہیما مالنی بھارتیہ جنتا پارٹی کے ٹکٹ پر متھرا پارلیمانی سیٹ سے الیکشن جیت کر پارلیمنٹ پہنچی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔