سائرہ بانو، جن کے بارے میں دلیپ کمار نے کہا تھا ’میرے سامنے بچی لگتی ہیں‘

سائرہ بانو کی پرورش مغربی ماحول میں ہوئی لیکن انھوں نے ہندوستانی خاتون کے کردار کو پردے پر بخوبی نبھایا۔ آج ان کی پیدائش کا دن ہے۔ بالی ووڈ سپراسٹار دلیپ کمار سےان کی شادی کسی فلمی داستان سے کم نہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

اقبال رضوی

بے پناہ خوبصورت اور ایلیٹ کلاس میں پرورش پائی سائرہ بانو کی تعلیم لندن میں ہوئی۔ والد احسان احمد، انجینئر اور فلم پروڈیوسر تھے جب کہ ماں نسیم بانو اتنی خوبصورت اداکارہ تھیں کہ انھیں پری چہرہ نسیم کہا جاتا تھا۔ سائرہ بھی اداکارہ بننا چاہتی تھیں اور انھوں نے اپنی خواہش پوری بھی کی اور پردے پر جدید ہندوستانی خاتون کے کردار میں خوب تعریفیں بھی حاصل کیں۔

سائرہ بانو، جن کے بارے میں دلیپ کمار نے کہا تھا ’میرے سامنے بچی لگتی ہیں‘

23 اگست 1944 کو پیدا ہوئیں سائرہ بانو نے انگلینڈ میں تعلیم مکمل کرنے کے بعد ممبئی کے ’فلمالے‘ ایکٹنگ اسکول میں داخلہ لیا۔ ان کی ماں فلمساز و ہدایت کار سبودھ مکھرجی کو اچھی طرح جانتی تھیں۔ انھوں نے 1961 میں سائرہ بانو کے ساتھ ’جنگلی‘ نام سے فلم بنائی۔ لگاتار فلاپ فلمیں دے رہے شمی کپور اسی فلم سے اسٹار بن گئے اور سائرہ بانو کو پہلی ہی فلم میں بہترین اداکارہ کے فلم فیئر ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا۔ سبودھ مکھرجی نے اپنی اگلی فلم ’شاگرد‘ میں سائرہ کو اپنے بیٹے جوائے مکھرجی کی ہیروئن بنایا۔ یہ فلم بھی کامیاب ہو گئی۔

سائرہ بانو، جن کے بارے میں دلیپ کمار نے کہا تھا ’میرے سامنے بچی لگتی ہیں‘

سائرہ بانو نے اپنے وقت کے سبھی اہم اداکاروں کے ساتھ فلمیں کیں۔ ان میں منوج کمار کے ساتھ ’شادی‘، راجندر کمار کے ساتھ ’آئی ملن کی بیلا‘، ’جھک گیا آسمان‘، ’امن‘، راج کپور کے ساتھ ’دیوانہ‘، شمی کپور کے ساتھ ’بلف ماسٹر‘، دیو آنند کے ساتھ ’پیار-محبت‘، دھرمیندر کے ساتھ ’آدمی اور انسان‘، ’پاکٹ مار‘، ’جوار بھاٹا‘، ’سازش‘، ’چیتالی‘، سنیل دت کے ساتھ ’پڑوسن‘، ’نہلے پہ دہلا‘، وشوجیت کے ساتھ ’اپریل فول‘، جوائے مکھرجی کے ساتھ ’دور کی آواز‘، ’ساز اور آواز‘، دلیپ کمار کے ساتھ ’گوپی‘، ’سگینا‘، ’بیراگ‘، نوین نشچل کے ساتھ ’وکٹوریہ نمبر 203‘، ’پیسے کی گڑیا‘، امیتابھ بچن کے ساتھ ’ضمیر‘ اور ’ہیرا پھیری‘ جیسی فلمیں مقبول ہوئیں۔

سائرہ بانو، جن کے بارے میں دلیپ کمار نے کہا تھا ’میرے سامنے بچی لگتی ہیں‘

لیکن سائرہ نے اپنے پیار کو پانے کے لیے اس وقت فلموں کو ٹھوکر مار دی جب وہ عروج پر پہنچ چکی تھیں۔ 70 کی دہائی میں سائرہ بانو نے اس دلیپ کمار کے ساتھ شادی کر لی جنھیں وہ بچپن سے پیار کرتی تھیں۔ اس وقت دلیپ کمار 48 سال کے تھے اور سائرہ کی عمر تھی 22 سال۔ سائرہ سے شادی کرنے سے پہلے یہ طے ہو گیا تھا کہ وہ شادی کے بعد فلمیں نہیں کریں گی۔ سائرہ ایک گلیمر گرل کی شکل میں فلموں میں پہچانی جانے لگی تھیں لیکن ’شادی‘، ’چیتالی‘ اور ’سگینا‘ جیسی فلموں میں انھوں نے ثابت کر دیا کہ وہ سنجیدہ کردار میں بھی کسی سے پیچھے نہیں ہیں۔

سائرہ کی شادی کے کچھ سال کے بعد منوج کمار نے دلیپ کمار کو اس بات کے لیے راضی کر لیا کہ سائرہ بانو ان کی فلم ’پورب پچھم‘ میں کام کر لیں۔ اس کے بعد سائرہ نے کچھ اور فلمیں بھی کیں لیکن پوری طرح سے فلمی زندگی میں شامل نہیں ہوئیں۔

سائرہ نے کامیاب فلمی زندگی گزاری لیکن اسے وہ اپنی حصولیابی نہیں مانتی تھیں۔ انھیں فلمی زندگی کا سب سے بڑا ایوارڈ اس وقت ملا جب پردے پر دلیپ کمار کے ساتھ ان کی جوڑی بنی۔ دراصل سائرہ شروع سے ہی دلیپ کمار کے ساتھ کام کرنا چاہتی تھیں لیکن دلیپ کمار کا ماننا تھا کہ سائرہ ان کے سامنے بچی لگتی ہیں اور ناظرین ان کی جوڑی کو قبول نہیں کریں گے۔ سائرہ اس بات سے بہت غمزدہ ہوئیں۔ لیکن جب ’گوپی‘، ’سگینا‘ اور ’بیراگ‘ میں سائرہ کے ساتھ دلیپ کام کرنے کے لیے راضی ہو گئے تو سائرہ بانو کو سب کچھ حاصل ہو گیا۔

سائرہ بانو، جن کے بارے میں دلیپ کمار نے کہا تھا ’میرے سامنے بچی لگتی ہیں‘

سائرہ بانو کا نام دھرمیندر، راجندر کمار اور جوائے مکھرجی کے ساتھ بھی جوڑا گیا۔ کافی وقت تک سائرہ کے رومانس کے قصے بھی رسائل میں شائع ہوتے رہے لیکن سائرہ نے بہت سمجھداری سے حالات کو سنبھالے رکھا اور ان کی شادی شدہ زندگی پر ان کی وجہ سے کوئی منفی اثر نہیں پڑا۔ یہاں تک کہ جب دلیپ کمار نے عاصمہ نام کی خاتون سے نکاح کر لیا تب بھی سائرہ صبر کے ساتھ دلیپ کمار کے لوٹنے کا انتظار کرتی رہیں۔

فی الحال سائرہ بانو دلیپ کمار کی دیکھ بھال کے ساتھ سماجی خدمت کے کاموں سے جڑی رہتی ہیں۔ فرصت ملنے پر انھیں وہ فلمیں دیکھنا اچھا لگتا ہے جن میں انھوں نے دلیپ کمار کے ساتھ کام کیا ہے۔ ان فلموں کو وہ پچاسوں بار دیکھ چکی ہیں لیکن انھیں بار بار دیکھ کر بھی ان کا دل نہیں بھرتا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 23 Aug 2018, 4:30 PM