فلم ’آدی پُرش‘ میں ہنومان کے ڈائیلاگ نے کھڑا کیا ہنگامہ، فلم پر پابندی کے لیے دہلی ہائی کورٹ میں عرضی داخل
ایک شخص نے فلم ’آدی پُرش‘ کے 9 ٹکٹ خریدے تھے، لیکن جاری تنازعہ کے بعد اس نے ٹکٹ کینسل کر دیئے ہیں، کینسل ٹکٹ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو ایسی رامائن نہیں دکھائیں گے۔
پربھاس کی فلم ’آدی پُرش‘ کا لوگ بے صبری سے انتظار کر رہے تھے۔ جمعہ (16 جون) کے روز جب یہ فلم ریلیز ہوئی تو سنیما ہال میں لوگوں کی زبردست بھیڑ امنڈ پڑی۔ لیکن جب فلم دیکھ کر لوگ نکلے تو کئی فلم ناظرین حیران کے ساتھ ساتھ ناراض بھی نظر آئے۔ کچھ نے تو فلم کو بکواس قرار دیا، اور کچھ نے فلم کے ڈائیلاگ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ خصوصاً ہنومان کے ذریعہ کچھ ایسے ڈائیلاگ بولے گئے ہیں جو زبان کے لحاظ سے اعتراض کے قابل ہیں۔ مثلاً ’’کپڑا تیرے باپ کا! تیل تیرے باپ کا! جگہ تیرے باپ کی! جلے گی بھی تیرے باپ کی۔‘‘
اس طرح کے ڈائیلاگ سے ناراض ہندو سینا کے قومی صدر وشنو گپتا نے فلم کی شدید مذمت کی ہے۔ انھوں نے ہی فلم پر پابندی کی عرضی دہلی ہائی کورٹ میں داخل کی ہے۔ انھوں نے فلم کے کئی مناظر اور کرداروں کو ہٹانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ وشنو گپتا نے عرضی میں کہا ہے کہ ’’فلم میں ہمارے پاکیزہ دیوتاؤں کو غلط طریقے سے پیش کیا گیا ہے، جو کہ قابل اعتراض ہے۔ اس لیے ایسی فلم کی اسکریننگ پر روک لگنی چاہیے۔‘‘
فلم کے ڈائیلاگس کو لے کر فلم کے رائٹر اور ڈائریکٹر سوشل میڈیا پر بری طرح ٹرول ہو رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر فلم کو بائیکاٹ کرنے کا ٹرینڈ بھی چل پڑا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ فلم میں رامائن کو جدید طریقے سے دکھایا گیا ہے، جو اس مذہبی داستان کی روح کو برباد کر رہا ہے۔ خصوصاً ہنومان جی کے کئی ڈائیلاگس ہیں جس پر حیرانی ہو رہی ہے۔ ایک جگہ ہنومان نے راون کے جلسہ میں کہا ہے کہ ’’جو ہماری بہنوں کو ہاتھ لگائے گا، ان کی لنکا لگا دیں گے۔‘‘ ایک جگہ اندرجیت ہنومان جی سے کہتا ہے ’’تیری بوا کا باغیچہ ہے جو ہوا کھانے چلا آیا۔‘‘
ان سبھی ڈائیلاگس کو لکھنے والے رائٹر منوج منتشر کو سوشل میڈیا پر سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ لوگ ان سے سوال کر رہے ہیں کہ ایسے ڈائیلاگ رامائن کے کس ورژن میں لکھے ہوئے ہیں۔ کیا رامائن میں ایسے الفاظ کا کہیں تذکرہ ہے؟ کچھ لوگ سوشل میڈیا پر ٹکٹ کینسل کر اس کی تصویر شیئر کر رہے ہیں۔ ایک شخص نے 9 ٹکٹ خریدے تھے، لیکن فلم پر جاری تنازعہ کے بعد اس نے ٹکٹ کینسل کر دیئے ہیں۔ اس نے اس کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو ایسی رامائن نہیں دکھائیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔