کروز ڈرگز کیس میں آرین خان کو بڑی راحت، این سی بی کی چارج شیٹ میں نام موجود نہیں
بالی ووڈ کے کنگ خان کے بیٹے آرین خان کو ممبئی کے مشہور کروز ڈرگز کیس میں عدالت سے کلین چٹ مل گئی ہے
ممبئی: بالی ووڈ کے ’کنگ خان‘ یعنی شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کو ممبئی کے مشہور کروز ڈرگز کیس میں عدالت سے کلین چٹ مل گئی ہے۔ نارکوٹک کنٹرول بیورو (این سی بی) نے جمعہ کے روز این ڈی پی ایس کورٹ میں جو چارج شیٹ پیش کی ہے اس میں ۔ آرین کا نام موجود نہیں ہے۔ رپورٹ کے مطابق آرین کے خلاف منشیات کیس میں کوئی ثبوت نہیں مل سکے۔
وہیں، منمن دھمیچا اور ارباز مرچنٹ کو اس معاملہ میں کلین چٹ نہیں ملی ہے اور ان کے نام چارج شیٹ میں موجود ہیں اور دونوں کو معاملہ میں ملزم بنایا گیا ہے۔ ارباز مرچنٹ سپر اسٹار شاہ رخ کے بیٹے آرین خان کے دوست ہیں۔ چارٹ شیٹ میں تحریر کیا گیا ہے کہ 6 افراد کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ملے۔ جن کے خلاف ثبوت نہیں ملے ان میں آرین خان کے علاوہ ساہو، آنند، سنیل اور اروڑہ شامل ہیں۔ باقی 14 لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ 2 اکتوبر 2021 کو کورڈیلیا کروز جہاز پر این سی بی نے چھاپہ مارا تھا۔ جس میں آرین خان سمیت کل 19 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔ موقع سے 6 افراد گرفتار ہوئے تھے۔ تمام ملزمان مختلف اوقات میں ضمانت پر باہر آئے تھے۔ ایک ملزم اس وقت جیل میں ہے۔ اس کیس میں آرین خان کو تین ہفتے سے زائد وقت تک جیل میں رہنا پڑا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔