گوگل نے ڈوڈل بنا کر اَمریش پوری کو کیا یاد
ہندی فلموں کے سب سے زیادہ یادگار ولن امریش پوری کی آج 87 ویں سالگرہ ہے، سنیما اور تھیٹر میں اپنی اداکاری کا لوہا منوانے والے امریش پوری کی پیدائش 22 جون 1932 کو پنجاب کے نواشهر میں ہوئی تھی۔
نئی دہلی: ہندوستانی سنیما کے افسانوی آرٹسٹ اداکار امریش پوری کی سالگرہ کے موقع پر ہفتہ کو گوگل نے خصوصی ڈوڈل بنا کرانہیں یاد کیا۔ گوگل نے اپنے ڈوڈل میں امریش پوری کا مسکراتا ہوا ایک خاکہ بنایا ہے۔
ہندی فلموں کے سب سے زیادہ یادگار ولن امریش پوری کی آج 87 ویں سالگرہ ہے، سنیما اور تھیٹر میں اپنی اداکاری کا لوہا منوانے والے امریش پوری کی پیدائش 22 جون 1932 کو پنجاب کے نواشهر میں ہوئی تھی۔ فلموں کے تئیں ان کا شروع سے جھکاؤ رہا تھا۔
انہوں نے اپنے فلمی سفر میں زیادہ تر منفی کردار ہی نبھائے ہیں جسے ناظرین آج بھی یاد کرتے ہیں۔ امریش پوری نے 'مسٹر انڈیا'، 'دامنی'، 'شہنشاہ'، 'رام لكھن'، 'کرن-ارجن'، 'غدر: ایک پریم کتھا' اور 'ہیرو' جیسی فلموں میں یادگار منفی کردار ادا کیے۔
50کی دہائی میں امریش پوری ہماچل پردیش کے شملہ سے بی اے پاس کرنے کے بعد ممبئی آگئے۔ اس وقت ان کے بڑے بھائی مدن پوری ہندی فلم میں بطور ویلن اپنی پہچان بنا چکے تھے۔ 1954 میں اپنے پہلے فلمی اسکرین ٹیسٹ میں امریش پوری کامیاب نہیں ہوئے۔ امریش پوری نے چالیس برس کی عمر میں اپنی فلمی کیریر کی شروعات کی تھی۔ 1971 میں بطور ویلن انہوں نے فلم ریشما اور شیرا سے اپنے کیریر کی شروعات کی لیکن اس فلم سے وہ ناظرین میں اپنی پہچان نہیں بنا سکے۔ اس زمانے کے مشہور بینر ’بامبے ٹاکیز‘ میں قدم رکھنے کے بعد انہیں بڑے بڑے بینر کی فلمیں ملنی شروع ہوگئیں۔ انہوں نے منفی کردار کو ہی اپنے کیریر کی بنیاد بنایا۔ ان فلموں میں نشانت، منتھن، بھومیکا، کلیگ اور منڈی جیسی سپر ہٹ فلمیں بھی شامل ہیں۔
اپنی فلمی کریئر میں امریش پوری نے 400 سے زائد فلموں میں کام کیا۔ ہندی فلموں کے علاوہ انہوں نے مراٹھی، پنجابی، ملیالم سمیت کئی دیگر زبانوں کی فلموں میں بھی کام کیا۔ اپنی شاندار اداکاری سے لوگوں کی تفریح مہیا کرنے والے امریش پوری کا انتقال 12 جنوری 2005 کو ممبئی میں ہوا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 22 Jun 2019, 2:10 PM