مشہور فلم ہدایت کار یش چوپڑا کی بیوی پامیلا چوپڑا کا طویل علالت کے بعد انتقال، آخری رسومات ممبئی میں ادا

پامیلا چوپڑا ایک مشہور گلوکارہ تھیں اور اس کے ساتھ ہی وہ فلم رائٹر اور فلمساز بھی تھیں، پامیلا چوپڑا کو آخری بار یش راج کی ڈاکیومنٹری ’دی رومانٹکس‘ میں دیکھا گیا تھا۔

<div class="paragraphs"><p>پامیلا چوپڑا، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

پامیلا چوپڑا، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

مشہور و معروف فلم ہدایت کار یش چوپڑا کی شریک حیات پامیلا چوپڑا کا جمعرات کی صبح طویل علالت کے بعد انتقال ہو گیا۔ وہ 74 سال کی تھیں گزشتہ تقریباً 15 دنوں سے ممبئی کے لیلاوتی اسپتال میں زیر علاج تھیں۔ ڈاکٹروں نے انھیں کچھ دنوں سے وینٹلیٹر پر رکھا ہوا تھا، لیکن ان کی طبیعت میں کوئی بہتری دیکھنے کو نہیں مل رہی تھی۔ یش راج کے آفیشیل پیج پر آج صبح یہ جانکاری بھی دی گئی کہ پامیلا چوپڑا کی آخری رسومات آج صبح 11 بجے ممبئی میں ادا کی گئیں۔

قابل ذکر ہے کہ پامیلا چوپڑا ایک مشہور گلوکارہ تھیں اور اس کے ساتھ ہی وہ فلم رائٹر اور فلمساز بھی تھیں۔ پامیلا چوپڑا کو آخری بار یش راج کی ڈاکیومنٹری ’دی رومانٹکس‘ میں دیکھا گیا تھا۔ اس ڈاکیومنٹری میں انھوں نے اپنے شوہر یش چوپڑا اور ان کے سفر کے بارے میں تفصیل سے بات کی تھی۔ ’دی رومانٹکس‘ میں صرف یش چوپڑا ہی نہیں، بلکہ پامیلا کے بارے میں بھی ایسی جانکاریاں موجود تھیں جن سے عام لوگ واقف نہیں تھے۔


’دی رومانٹکس‘ میں پامیلا نے ان دنوں کو یاد کیا جب ہدایت کار یش چوپڑا نے ایک فلمساز کی شکل میں اپنی پہلی فلم ’داغ‘ (1973) کی ریلیز سے پہلے کئی راتوں کی نیند حرام کی تھی۔ خواتین کی سوچ کس طرح کام کرتی ہے، یہ سمجھنے کے لیے بھی یش چوپڑا اکثر اپنی بیوی کے پاس پہنچتے تھے اور ان سے مدد لیتے تھے۔

واضح رہے کہ پامیلا اور یش چوپڑا کی شادی 1970 میں ایک روایتی تقریب میں ہوئی تھی۔ ان کے دو بیٹے آدتیہ چوپڑا اور ادے چوپڑا ہیں۔ آدتیہ چوپڑا فلم پروڈیوسر اور ڈائریکٹر ہیں۔ انھوں نے رانی مکھرجی سے شادی کی ہے۔ ادے چوپڑا فلم اداکار کے ساتھ ساتھ فلمساز بھی ہیں۔


بہرحال، پامیلا چوپڑا نے اپنے شوہر کی فلموں کے لیے کئی گانے بھی گائے ہیں۔ ان میں ’کبھی کبھی‘ (1976) سے لے کر ’مجھ سے دوستی کرو گے‘ (2002) تک شامل ہیں۔ 1993 کی فلم ’آئینہ‘ کی فلمسازی انھوں نے ہی کی تھی اور 1997 کی فلم ’دل تو پاگل ہے‘ کا اسکرین پلے بھی انھوں نے ہی لکھا تھا۔ وہ ایک بار پردے پر بھی نظر آ چکی ہیں۔ یہ لمحہ فلم ’دو تو پاگل‘ ہے کہ شروعاتی نغمہ ’ایک دوجے کے واسطے‘ میں تھا جہاں پامیلا اور یش ایک ساتھ دکھائی دیئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔