مادھوری اور جیکلین کے ’ایک، دو، تین...‘ گانے پر بالی ووڈ آمنے سامنے
فلم ’تیزاب‘ کے اداکار انل کپور کا کہنا ہے کہ مادھوری دیکشت کے رقص کو دہرانا بہت مشکل کام ہے اور جیکلین نے اسے بخوبی نبھایا ہے۔
’ایک، دو، تین...‘ گانے پر شروع ہوا ہنگامہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ اس گانے کی اصل پہچان مادھوری دیکشت کا رقص ہے، لیکن اس گانے کی جو نئی شکل سامنے آئی ہے اس پر ایسے رد عمل سامنے آئیں ہیں کہ اب اس میں بڑے بڑے لوگ کود پڑے ہیں۔ اب تو ٹائیگر خان یعنی سلمان خان نے بھی اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے ایک ٹوئٹ کر کے اس گانے کی تعریف کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’ورون اور جیکلین نے جس طرح ہمارے گانوں کو دوبارہ زندہ کر دیا ہے اس پر مجھے فخر ہے۔‘‘
دراصل پورا معاملہ اس وقت شروع ہوا جب جیکلین فرنانڈیز نے ’باغی – 2‘ کے لیے ’ایک، دو، تین...‘ گانے پر ڈانس کیا۔ اصل گانا برسوں پہلے آئی مادھوری دیکشت اور انل کپور کی فلم ’تیزاب‘ کا ہے جس میں اس گانے پر سروج خان کے ڈانس ڈائریکشن میں مادھوری دیکشت نے بے مثال رقص پیش کیا تھا۔ یہ گانا آج بھی لوگوں کے دل و دماغ میں چھایا ہوا ہے۔ اس گانے کی انل کپور نے تعریف بھی کی ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ مادھوری دیکشت کے رقص کو دہرانا بہت مشکل کام ہے اور جیکلین نے اسے بخوبی نبھایا ہے۔ اس کے لیے بہت ہمت اور محنت کی ضرورت ہوتی ہے۔
لیکن جیکلین پر فلمائے گئے اس گانے کو ناظرین نے پسند نہیں کیا ہے۔ اس گانے کی کوریوگرافی یعنی ڈانس ڈائریکشن کی بھی تنقید ہو رہی ہے۔ ’تیزاب‘ فلم کے ڈائریکٹر کو بھی یہ گانا پسند نہیں آیا اور گانے کی اصل کوریوگرافر سروج خان بھی اس سے بے حد خفا ہیں۔
کوریوگرافر سروج خان سے جب اس بارے میں پوچھا گیا تو انھوں نے مایوسی کے ساتھ اس پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ خبریں ہیں کہ سروج خان’تیزاب‘ کے فلمساز این چندرا کے ساتھ مل کر اس گانے کے ریمیک کے خلاف کارروائی کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہیں۔
دوسری طرف ’ایک، دو، تین...‘ گانے کے نئے ورژن کو دیکھنے کے بعد این چندرا کا کہنا ہے کہ ’’میں گانے کے نئے ٹریک کو دیکھ کر حیران ہوں۔ مجھے یقین نہیں ہو رہا ہے کہ انھوں نے گانے کے ساتھ کیا کیا ہے۔ یہ تو تصور سے اوپر کی بات ہے اور مادھوری دیکشت کے گانے کو جیکلین نے کیا ہے! یہ تو ایسا ہے جیسے سنٹرل پارک سے بوٹنیکل گارڈن چلے گئے۔ مادھوری نے گریس اور انوسنس کے ساتھ ڈانس کیا تھا، یہ تو سیکس ایکٹ ہے۔‘‘
’ایک، دو، تین...‘ گانے کو نئی آواز دینے والی گلوکارہ شریا گھوشال اس گانے سے بہت خوش ہیں۔ انھوں نے اس گانے کو اپنی طرف سے مادھوری دیکشت اور اصل گلوکارہ لکا یاگنک کو تحفہ بتایا ہے۔
لیکن مادھوری دیکشت کے شیدائیوں کو اس گانے کی نئی شکل بالکل بھی اچھی نہیں لگی۔ روہت جیسوال نے لکھا ہے کہ ’’سروج جی، چندرا جی اور مادھوری دیکشت کے اعزاز کے طور پر میں اس نئے گانے پر فلم چھوڑ کر ہال سے باہر نکل جاؤں گا۔‘‘
مادھوری دیکشت کے ایک دیگر چاہنے والے سمت کدیل نے اس گانے کو مادھوری دیکشت کی بے عزتی قرار دیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 22 Mar 2018, 7:51 PM