ڈرگ معاملہ: این سی بی کے نوٹس پر کرن جوہر نے دیا یہ جواب

فلمساز کرن جوہر نے این سی بی کے اس نوٹس کا جواب دے دیا ہے جسے انسداد منشیات بیورو نے جمعرات کے روز ان کے پاس بھیجا تھا اور ان سے ایک پارٹی کے حوالہ سے تفصیلات طلب کی تھیں

فلمساز کرن جوہر / Getty Images
فلمساز کرن جوہر / Getty Images
user

قومی آواز بیورو

ممبئی: فلمساز کرن جوہر نے این سی بی کے اس نوٹس کا جواب دے دیا ہے جسے انسداد منشیات بیورو نے جمعرات کے روز ان کے پاس بھیجا تھا اور ان سے ایک پارٹی کے حوالہ سے تفصیلات طلب کی تھیں۔ اداکار سوشانت سنگھ راجوت کی موت کی جانچ میں ڈرگ کنکشن کی انٹری ہونے کے بعد سے اب تک متعدد فلمی ہستیوں سے پوچھ گچھ کی جا چکی ہے اور اب اس معاملہ کی جاچن کرن جوہر تک بھی پہنچ گئی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق کرن جوہر نے نوٹس کا جواب اپنے وکیل اور عملہ کی مدد سے ایک مکتوب اور پین ڈرائیو پیش کر دیا ہے۔ اب این سی بی کی طرف سے کیا اقدام لیا جاتا ہے اس پر سبھی کی توجہ مرکوز ہے۔ خیال رہے کہ کرن جوہر کو جس پارٹی کی تفصیلات مہیا کرانی ہیں وہ کرن جوہر کے گھر پر 2019 میں منعقد ہوئی تھی اور کرن نے خود سوشل میڈیا پر اس پارٹی کی ویڈیو پوسٹ کی تھی۔ ویڈیو پر کافی ہنگامہ ہوا تھا اور کئی فلمی ستاروں پر منشیات لینے کے الزامات عائد ہوئے تھے۔

این سی بی نے کرن جوہر سے ان کے گھر پر منعقد ہونے والی پارٹی کے حوالہ سے پوچھا ہے کہ اس میں کون کون شامل ہوا تھا! ویڈیو کس کیمرے سے ریکارڈ کی گئی! کیا اس کا دعوت نامہ بھی بھیجا گیا تھا! کرن جوہر سے یہ تمام تفصیلات 18 دسمبر یعنی آج مہیا کرانے کو کہا گیا تھا۔ این سی بی کا کہنا ہے کہ کرن جوہر کسی معاملہ میں مشکوک نہیں ہیں، ان سے صرف کچھ معلومات حاصل کرنی ہیں۔

این سی بی کے ذرائع نے بتایا کہ کرن جوہر کو بیوروں کے سامنے پیش ہونے کی ضرورت نہیں ہے اور وہ اپنے کسی نمائندہ کو بھیج سکتے ہیں۔ کرن جوہر سے ان الیکٹرانک آلات کی تفصیلات دینے کے لئے کہا گیا تھا جن کا استعمال جولائی 2019 میں ان کے گھر منعقدہ پارٹی کو شوٹ کرنے کے لئے کیا گیا تھا۔

بتایا جاتا ہے کہ کرن جوہر نے اس ویڈیو کو شوٹ کیا گیا تھا اور اس ویڈیو میں ملائیکا اروڑا، رنبیر کپور، وکی کوشل، ورون دھون، شکون بترا، زویا اختر، ارجن کپور، ایان مکھرجی، دیپیکا پادوکون، کارتک آرین اور شاہد کپور جیسے ستارے نظر آئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔