'آدی پورش' پر تنقید کا سامنا کر رہے ڈائریکٹر پروڈیوسر کا ’یو ٹرن‘، منوج منتشر کا ٹوئٹ ’تبدیل کیے جائیں ڈائیلاگ‘
منوج منتشر نے کہا ’’فلم کے ڈائریکٹر پروڈیوسر نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ کچھ ڈائیلاگ جو آپ کو مجروح کر رہے ہیں ہم ان میں ترمیم کریں گے اور اسی ہفتہ ان کو فلم میں شامل کیا جائے گا‘‘
نئی دہلی: پربھاس کی اداکاری والی فلم 'آدی پورش' اس کے ڈائیلاگز کی وجہ سے تنازع کا شکار ہو گئی ہے۔ گزشتہ روز جب ناظرین اس فلم کو دیکھنے کے لیے پہنچے تو وہ اس کے ڈائیلاگ سن کر مایوس نظر آئے اور فلم بنانے والوں کے تئیں ناراضگی کا اظہار کیا۔ اب بڑے پیمانے پر لوگوں کی ناراضگی کی پیش نظر ڈائریکٹر پروڈیوسر نے ڈائیلاگ تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ فلم آدی پوروش رامائن کی کہانی پر مبنی ہے اور اس کی بڑے پیمانے پر تشہیر کی گئی تھی۔ مکالمہ نگار منوج منتشر نے فلم کے ڈائیلاگز کا یہ کہہ دفاع کیا تھا کہ فلم میں غلطی سے نہیں بلکہ دانستہ طور پر آج کی بول چال کو استعمال کیا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آج کے نوجوان اسی طرح کی بول چال میں خود کو جڑا ہوا محسوس کریں گے۔ تاہم اب انہوں نے یو ٹرن لے لیا ہے۔
منوج منتشر نے کہا کہ ان کے لیے عوام کے جذبات سے زیادہ کوئی چیز اہم نہیں ہے، لہذا آدی پورش کے ڈائیلاگ کو تبدیل کر کے انہیں فلم میں شامل کیا جائے گا۔
انہوں نے ٹوئٹر لکھا ’’ہم نے آدی پوروش سناتن سیوا کے لیے بنائی ہے، جو آپ بھاری تعداد میں دیکھ رہے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ آگے بھی دیکھیں گے۔ میرے لیے آپ کے جذبات سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں ہے۔ میں اپنے مکالمہ کے حق میں بے شمار دلائل پیش کر سکتا ہوں لیکن اس سے آپ کی تکلیف کم نہیں ہوگی۔ میں نے اور فلم کے ڈائریکٹر پروڈیوسر نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ کچھ ڈائیلاگ جو آپ کو مجروح کر رہے ہیں ہم ان میں ترمیم کریں گے اور اسی ہفتہ ان کو فلم میں شامل کیا جائے گا۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔