دلیپ کمار کا انتقال نہیں ہوا، وہ آکسیجن سپورٹ پر ہیں!
سائرہ بانو کا کہنا ہے کہ دلیپ صاحب وینٹی لیٹر پر نہیں بلکہ آکسیجن سپورٹ پر رکھے گئے ہیں۔ دلیپ صاحب کا علاج کرنے والے ماہر ڈاکٹر جلیل پارکر کے بتائے گئے کچھ ٹیسٹ کے نتائج کا انتظار ہے۔
بالی ووڈ کے شہرہ آفاق اداکار دلیپ کمار کے انتقال کی خبریں واٹس ایپ پر پھیلنے کے بعد ان کے شیدائیوں میں غم کا ماحول پیدا ہو گیا تھا، لیکن دلیپ کمار کے خاندانی ذرائع نے واضح کر دیا ہے کہ ان کی طبیعت بہت زیادہ خراب نہیں ہے اور نہ ہی وہ ونٹی لیٹر پر ہیں۔ خاندانی ذرائع نے پیر کے روز بتایا کہ دلیپ کمار کو فی الحال آکسیجن سپورٹ پر رکھا گیا ہے، انہیں سانس کی تکلیف ہونے پر اتوار کے روز ممبئی کے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا اور ان کی حالت اس وقت مستحکم ہے۔
دلیپ کمار کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ان کی اہلیہ سائرہ بانو نے ایک ٹوئٹ کر ہیلتھ اَپ ڈیٹ کی جانکاری دی ہے۔ اس اَپ ڈیٹ کے مطابق ’’دلیپ صاحب وینٹی لیٹر پر نہیں بلکہ آکسیجن سپورٹ پر رکھے گئے ہیں۔ دلیپ صاحب کا علاج کرنے والے ماہر ڈاکٹر جلیل پارکر کے بتائے گئے کچھ ٹیسٹ کے نتائج کا انتظار ہے۔‘‘
مذکورہ ٹوئٹر اکاؤنٹ سے میڈیا طبقہ سے بھی گزارش کی گئی ہے کہ وہ افواہوں کو اپنی خبروں میں جگہ نہ دیں۔ ٹوئٹ میں لکھا گیا ہے کہ ’’میڈیا کے سبھی لوگوں سے ایک اہم گزارش۔ صاحب (دلیپ کمار) کے کروڑوں شیدائیوں کو آپ کے ذریعہ اَپ ڈیٹ ملتی ہے، آپ سے گزارش ہے کہ افواہوں کو روکنے میں ہماری مدد کریں۔ اس پلیٹ فارم پر ریگولر اَپ ڈیٹ پوسٹ ہوگی۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ اتوار کے روز دلیپ کمار کے اہل خانہ نے اپنے مداحوں سے واٹس ایپ پر شیئر کی جانے والی پوسٹوں پر توجہ نہ دینے کی اپیل کی تھی۔ اہل خانہ نے کہا تھا کہ واٹس ایپ کی پوسٹوں پر دھیان نہ دیں، دلیپ صاحب کی حالت مستحکم ہے۔ اہل خانہ نے دلیپ کمار کے آفیشیل اکاؤنٹ پر ہی ایک ٹوئٹ کر کہا تھا کہ ’’آپ سب کی دعاؤں اور نیک خواہشات کے لئے دل سے شکریہ۔ ڈاکٹروں کے مطابق وہ 2-3 دنوں میں گھر آجائیں گے۔ انشاء اللہ۔‘‘
یہ بھی پڑھیں : مودی حکومت ٹیکسوں میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے: راہل گاندھی
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔