رجنی کانت کے لئے دادا صاحب پھالکے ایوارڈ

پرکاش جاؤڈیکر نے کہا کہ یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ سال 2019 کا داداصاحب پھالکے ایوارڈ ہندوستانی سنیما کی تاریخ میں عظیم فنکاروں میں سے ایک رجنی کانت جی کو دیا جا رہا ہے۔

رجنی کانت / یو این آئی
رجنی کانت / یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: حکومت نے سال 2019 کا دادا صاحب پھالکے ایوارڈ معروف فلم اداکار رجنی کانت کو دیئے جانے کا اعلان کیا ہے، اطلاعات ونشریات کے وزیر پرکاش جاؤڈیکر نے جمعرات کو ٹوئٹ کرکے 51ویں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ کے لیے رجنی کانت کے نام کا اعلان کیا۔ 3 مئی کو رجنی کانت کو نیشنل فلم ایوارڈ تقریب میں اس اعزازسے نوازا جائے گا۔

پرکاش جاؤڈیکر نے کہا کہ ’’یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ سال 2019 کا داداصاحب پھالکے ایوارڈ ہندوستانی سنیما کی تاریخ میں عظیم فنکاروں میں سے ایک رجنی کانت جی کو دیا جا رہا ہے۔ اداکار، پروڈیوسر اور کہانی کار کے طور پر ان کی گراں قدر خدمات ہیں۔‘‘ انھوں نے کہا کہ ’’رجنی کانت ایسے معروف اداکار ہیں جنھوں نے 50 سال سے ہندوستانیوں کے دلوں پر راج کیا ہے۔ 1992میں ان کی اداکاری والی فلم ’انا ملائی‘ میری پسندیدہ فلم رہی ہے۔‘‘


پرکاش جاؤڈیکر نے دادا صاحب پھالکے ایوارڈ کی سلیکشن کمیٹی کے ممبران آشابھوسلے، سبھاش گھئی، موہن لال، شنکر مہادیون اور بسواجیت چٹرجی کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے کہا کہ ایوارڈ سلیکشن کمیٹی کے ممبران نے اتفاق رائے سے رجنی کانت کے نام کی حمایت کی ہے جسے حکومت نے قبول کرلیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔