ریپ کے بعد روزی روٹی دیتی ہے فلم انڈسٹری، سروج خان کا متنازعہ بیان
ہندی فلموں کی معروف کوریوگرافر سروج خان کا کہنا ہے کہ ’کاسٹنگ کاؤچ‘ اور عصمت دری فلم انڈسٹری میں زمانے سے جاری ہے، لیکن اس کے بعد انڈسٹری کم از کم روزی روٹی تو دیتی ہے۔
مادھوری دیکشٹ کے گیت ’دھک دھک کرنے لگا…‘ ، ’ایک دو تین …‘ اور ایسے ہی سپرہٹ گانوں کی کوریوگرافر (رقص کی منظر ساز) سروج خان کا کہنا ہے کہ فلم انڈسٹری (صنعت) ہو یا حکومت کے لوگ … ہر جگہ لڑکی کے ساتھ زور زبردستی کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب تو ایک زمانے سے چلا آرہا ہے۔ اس پر ہنگامہ آرائی کرنے سے کیا ہوگا؟
میڈیا رپورٹوں کے مطابق سروج خان نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ’’یہ سب بابا آدم کے وقت سے چلا آ رہا ہے۔ ہر کوئی لڑکی پر ہاتھ صاف کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ حکومت کے لوگ بھی یہ کرتے ہیں۔‘‘ انہوں نے سوال پوچھا کہ لوگ آخر فلم انڈسٹری کے ہی پیچھے کیوں پڑے ہیں۔ انہوں نے کہا ’’انڈسٹری (فلم) کم از کم روٹی تو دیتی ہے۔ ریپ کر کے چھوڑ تو نہیں دیتی۔‘‘
سروج خان نے کہا ’’یہ لڑکی پر منحصر ہے کہ وہ کیا کرنا چاہتی ہے۔ تم کسی کے ہاتھ نہیں آنا چاہتی تو نہیں آؤگی۔ تمہارے پاس اگر فن ہے تو خود کو کیوں کیوں فروخت کروگی؟ ‘‘ انہوں نے اس بات پر ناراضگی کا اظہار کیا کہ لوگ فلم انڈسٹری کو کاسٹنگ کاؤچ کے ساتھ جوڑتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’فلم انڈسٹری کو کچھ مت کہنا، وہ ہمارا مائی باپ ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 24 Apr 2018, 11:38 AM