جنوبی ہند کے مشہور اداکار ناگارجن کے کنونشن ہال پر چلا بلڈوزر، ہائیڈرا کی بڑی کارروائی
مادھا پور کے ڈی سی پی نے ہائیڈرا کی کارروائی کے بعد کہا کہ پولیس فورس کو موقع پر تعینات کیا گیا تھا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ہال کے انہدام کو آسانی سے انجام دیا جائے
حیدرآباد ڈیزاسٹر ریسپانس اینڈ اسیٹ پراپرٹی پروٹیکشن ایجنسی (ہائیڈرا) نے مشہور تلگو اداکار ناگارجن کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کے کنونشن ہال کو بلڈوزر کے ذریعے منہدم کر دیا۔ کنونشن ہال کو گرانے کی کارروائی ہائیڈرا اور پولیس نے مشترکہ طور پر انجام دی۔ یہ ہال رنگاریڈی ضلع میں شلپرام کے قریب واقع تھا اور انتظامیہ کے مطابق یہ زمین ایسے علاقہ میں واقع ہے جہاں کوئی تعمیر نہیں کیا جا سکتی۔
رپورٹ کے مطابق ہائیڈرا نے ہفتہ کی صبح ناگارجن کے کنونشن ہال کو گرانے کی کارروائی انجام دی۔ مادھا پور کے ڈی سی پی نے اس معاملہ پر کہا کہ پولیس فورس کو موقع پر تعینات کیا گیا تھا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ہال کی کارروائی میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔
کنونشن ہال 10 ایکڑ اراضی پر بنایا گیا ہے۔ یہ ہال برسوں سے زیر تفتیش ہے۔ فل ٹینک لیول (ایف ٹی ایل) علاقے اور مادھا پور علاقے میں تھامی کنٹا جھیل کے بفر زون کے اندر غیر قانونی تعمیرات کے الزامات کے بعد ہال کو منہدم کیا گیا۔
نارتھ ٹینک ڈویژن کے فراہم کردہ ریکارڈ کے مطابق، تھمیڈی کنٹا جھیل کا ایف ٹی ایل رقبہ تقریباً 29.24 ایکڑ ہے اور کنونشن ہال اس علاقے کے تقریباً 1.12 ایکڑ اور بفر کے اندر اضافی 2 ایکڑ پر بنایا گیا ہے۔ کنونشن ہال کی انتظامیہ نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) اور دیگر اعلیٰ حکام کی کارروائی سے بچنے کی کوشش کی۔ ان پر اپنے اثر و رسوخ کا استعمال کرنے کے الزامات بھی عائد کئے گئے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔