بالی ووڈ کے ’کنگ خان‘ شاہ رخ کو ملا ایک اور خطاب، ’ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول‘ میں بخشا جائے گا اعزاز
فلم انڈسٹری میں تین دہائیوں سے زیادہ گزارنے والے اور 100 سے زیادہ فلموں میں کام کر چکے شاہ رخ خان کو ان کے چاہنے والے بحیرۂ احمر کی تقریب میں دیکھنے کے لیے بے قرار ہیں۔
بالی ووڈ میں ’کنگ خان‘ اور ’بادشاہ خان‘ جیسے القاب سے مشہور ہو چکے شاہ رخ خان کی فلمیں بھلے ہی اِدھر کچھ کمال نہیں دکھا پا رہی ہیں، لیکن انھیں ایوارڈس ملنے کا سلسلہ رکتا ہوا دکھائی نہیں دے رہا ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق جلد ہی شاہ رخ خان کو ’ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول‘ میں اعزاز سے نوازا جائے گا۔ ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے ذریعہ اتوار کے روز اعلان کیا گیا کہ بالی ووڈ سپراسٹار شاہ رخ خان کو جدہ میں فیسٹیول کے دوسرے ایڈیشن کی افتتاحی تقریب میں فلم انڈسٹری میں ان کے غیر معمولی تعاون کے لیے ایوارڈ دیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب کے ریڈ سی یعنی بحیرۂ احمر میں یہ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول یکم دسمبر سے 10 دسمبر تک منعقد ہوگا۔ دنیا بھر میں فلمی دنیا کے قائم اور ابھرتے ہوئے ہنرمند ستارے اس فیسٹیول میں شامل ہوں گے۔ ساتھ ہی یہاں تقریباً 41 زبانوں میں 61 ممالک کی 131 فیچر اور شارٹ فلمیں بھی دکھائی جائیں گی۔
بہرحال، فلم انڈسٹری میں تین دہائیوں سے زیادہ گزارنے والے اور 100 سے زیادہ فلموں میں کام کر چکے شاہ رخ خان کو لوگ بحیرۂ احمر کی تقریب میں دیکھنے کے لیے بے قرار ہیں۔ اس تقریب میں ہندوستان کے علاوہ دنیا بھر میں موجود شاہ رخ کے شیدائی شرکت کریں گے۔ دنیا کے کامیاب ترین فلمی ستاروں میں شامل شاہ رخ کے لیے یہ موقع یادگار ثابت ہونے والا ہے کیونکہ ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے سی ای او محمد الترکی بھی کنگ خان سے ملاقات کے لیے بہت پرجوش دکھائی دے رہے ہیں۔
محمد الترکی نے تو ایک بیان جاری کر یہ بھی کہا ہے کہ ’’ہم گلوبل سپراسٹار اور موسٹ ٹیلنٹیڈ ایکٹر شاہ رخ خان کو اعزاز بخشنے کو لے کر پرجوش ہیں۔ انھوں نے اپنی شروعاتی فلموں سے ہی ناظرین کو خوب تفریح فراہم کی ہے اور آج دنیا کے سب سے مشہور اداکاروں میں شمار ہیں۔ 30 سالہ کیریر کے باوجود شاہ رخ خان ہندوستانی فلم انڈسٹری کے سب سے کامیاب سپراسٹارس میں سے ایک ہیں اور دنیا بھر کے ناظرین کے پسندیدہ ہیں۔ ہم اس دسمبر میں جدہ میں ان کا استقبال کرنے کے لیے بے چین ہیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔