ایشوریہ کی منیجر کو بچانے کے لیے آگ میں کودے شاہ رخ، بہادری کی ہو رہی تعریف

کنگ خان یعنی شاہ رخ خان نے ایشوریہ رائے بچن کی منیجر ارچنا سدانند کی جان بچانے کے لیے آگ میں چھلانگ لگا دی جس کی سلمان خان سمیت سبھی لوگ تعریف کر رہے ہیں۔ اس وقت ارچنا آئی سی یو میں ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

امیتابھ بچن کے گھر منعقد دیوالی پارٹی میں شاہ رخ خان نے ایک ایسا کارنامہ انجام دیا جس کی تعریف ہر کوئی کر رہا ہے۔ انھوں نے فلموں میں تو کئی زندگیاں اپنی سمجھداری اور بہادری سے بچائی ہوں گی، لیکن امیتابھ بچن کے گھر ہوئی گرانڈ پارٹی میں اپنی بہادری کا مظاہرہ کر کے شاہ رخ خان نے ثابت کر دیا کہ وہ ’رئیل ہیرو‘ ہیں۔

دراصل دیوالی پارٹی کے دوران ارچنا سدانند کے لہنگے میں اچانک آگ لگ گئی۔ یہ آگ جب زیادہ پھیل گئی تو وہاں موجود سبھی لوگ پریشان ہو گئے۔ ایسے ماحول میں شاہ رخ نے ارچنا کے آس پاس لگ چکے آگ میں چھلانگ لگا دی اور اس دوران وہ بھی کچھ حد تک جھلس گئے۔ لیکن ارچنا اس آگ میں تقریباً 15 فیصد جھلس گئی تھیں جنھیں فوراً اسپتال پہنچایا گیا۔ وہ اس وقت آئی سی یو میں ہیں اور ڈاکٹرس ان کی حالت کو مستحکم بتا رہے ہیں۔


بہر حال، کسی نے اس پورے واقعہ کا ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کر دیا۔ یہ ویڈیو خوب وائرل ہو رہا ہے اور شاہ رخ کی بہادری کی خوب تعریف بھی ہو رہی ہے۔ جب یہ بات سلمان خان تک پہنچی تو انھوں نے بھی شاہ رخ کے تعلق سے اپنا رد عمل ظاہر کیا اور انھوں نے شاہ رخ کا ایک ویڈیو بھی ساتھ شیئر کیا۔ یہ ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہا ہے۔ اس ویڈیو میں سلمان خان نے فلم ’ہپی نیو ائیر‘ کے گانا ’منوا لاگے‘ کا ایک منظر شیئر کیا ہے جس میں شاہ رخ کی شرٹ میں آگ لگ جاتی ہے اور وہ مسکرا کر آگے بڑھ جاتے ہیں۔

اس ویڈیو میں سلمان خان کی آواز بھی بیک گراؤنڈ سے آتی ہے جس میں وہ کہتے ہیں کہ ’’ہیرو وہ ہوتا ہے جو آگ میں کود کے، بجھا کے، بچاتا ہے۔‘‘ ویڈیو میں سلمان خان نے شاہ رخ کے انسٹا گرام اکاؤنٹ کو ٹیگ بھی کیا ہے۔ سلمان خان کے اس ویڈیو پر لوگوں کے تبصرے لگاتار آ رہے ہیں جو کافی دلچسپ ہیں۔ ان تبصروں میں بیشتر افراد شاہ رخ کی تعریف کرتے نظر آ رہے ہیں۔


واضح رہے کہ اس سے قبل فلمساز فرح خان نے بھی شاہ رخ کے تعلق سے ایک ٹوئٹ کیا تھا اور اس ٹوئٹ میں انھوں نے اخبار کی کٹنگ شیئر کی تھی۔ اس کٹنگ میں شاہ رخ خان کے دلیرانہ کارنامے کا تذکرہ تھا۔ انھوں نے ساتھ ہی لکھا تھا کہ ’’شاہ رخ خان، محبت مین سے تحفظ تک۔ میں ارچنا کے جلد ٹھیک ہونے کے لیے دعا کرتی ہوں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔