ششی کپور کا 79 سال کی عمر میں انتقال
مشہور و معروف بالی وڈ اداکار ششی کپور کا آج ممبئی میں انتقال ہوگیا۔ وہ 79 برس کے تھے۔ اتوار کی رات اچانک ان کی حالت بگڑنے کے بعد ان کو ممبئی کے کوکیلا بین اسپتال میں داخل کرا یا گیا۔
غالباً پھیپھڑوں میں انفکشن کی وجہ سے ان کی حالت بگڑتی چلی گئی۔ ان کو یہ بیماری سنہ 2014 سے تھی۔ اس سے قبل ان کا دل کا آپریشن بھی ہو چکا تھا۔ ان کے بھائی راج کپور کے بڑے بیٹے رندھیر کپور نے اس خبر کی تصدیق کر دی ہے۔
ششی کپور کی اہلیہ جنیفر کینڈل کا پہلے ہی انتقال ہو چکا ہے۔ اب ان کے اہل خانہ میں ان کی بیٹی سنجنا کپوراور بیٹے کنال کپور اور کرن کپور ہیں۔
مشہور اداکار اور مغل اعظم میں اکبر اعظم کا یادگار رول کرنے والے پرتھوی راج کپور کے تیسرے اور سب سے چھوٹے بیٹے تھے، ششی کپور کے دو بڑے بھائی راج کپور اور شمی کپور نے بھی اپنی اداکاری سے فلمی دنیا میں اپنا سکہ جمایا ۔ ششی کپور کا شمار سنہ 1960 اور سنہ 1970 کی دہائی میں بالی وڈ کے صف اول کے اداکاروں میں ہوتا تھا۔
دیوار جیسی درجنوں شاہکار فلموں میں شاندار اداکاری کر کے ہندوستانیوں کا دل جیتنے والے ششی کپور لمبے عرصے تک یاد کئے جائیں گے۔
اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمال کریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیکمشوروں سے بھی نوازیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 04 Dec 2017, 7:03 PM