شاہ رخ خان کو دھمکی دینے کے ملزم کی درخواست ضمانت منظور

بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے کے الزام میں گرفتار ملزم فیضان خان کو ممبئی کی باندرہ عدالت نے ضمانت دے دی ہے۔

شاہ رخ خان، تصویر آئی اے این ایس
شاہ رخ خان، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

ممبئی: بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے اور بھتہ وصولی کی کوشش کے الزام میں گرفتار شخص فیضان خان کو باندرہ کی عدالت سے ضمانت مل گئی ہے۔ ملزم کو ممبئی پولیس نے رائے پور سے گرفتار کیا تھا، جہاں سے اس نے مبینہ طور پر دھمکی آمیز کال کی تھی۔

رپورٹ کے مطابق آج 12ویں عدالت (جج کے سی راجپوت، جے ایم ایف سی) میں فیضان خان کے وکلا، پرجاپتی اور وراٹ ورما نے دلائل پیش کیے۔ تقریباً دو گھنٹے کی بحث کے بعد عدالت نے ملزم کو ضمانت پر رہا کر دیا۔

پانچ نومبر کو باندرہ پولیس اسٹیشن کو ایک گمنام کال موصول ہوئی جس میں کال کرنے والے نے شاہ رخ خان سے 50 لاکھ روپے طلب کیے اور عدم ادائیگی پر جان سے مارنے کی دھمکی دی۔ کالر نے خود کو ’ہندوستانی‘ بتایا اور پولیس کے سوالات کے جوابات دینے سے انکار کیا۔ اس کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کیں اور کال کا سراغ لگاتے ہوئے ملزم کو رائے پور سے گرفتار کیا۔


پولیس کے مطابق فیضان خان نے شاہ رخ خان کی حفاظت میں تعینات گارڈز اور ان کے بیٹے آرین خان کے متعلق معلومات اکٹھی کی تھیں۔ ملزم کے دوسرے موبائل فون کی چھان بین سے پتہ چلا کہ اس نے شاہ رخ خان کی سیکیورٹی اور خاندان کے متعلق انٹرنیٹ پر تفصیلات تلاش کیں۔

شاہ رخ خان کی حالیہ فلم ’ڈنکی‘ تھی جس میں ان کی اداکاری کو سراہا گیا۔ آئندہ سال وہ اپنی بیٹی سہانا خان کے ساتھ فلم ’کنگ‘ میں نظر آئیں گے، جو سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔