بابا صدیقی کی افطار پارٹی: شاہ رخ-سلمان سمیت متعدد بالی ووڈ ستاروں کی شرکت
کانگریس رہنما بابا صدیقی نے ہر سال کی طرح اس سال بھی گلیمر کی دنیا کے لئے ایک شاندار دعوت افطار کا انعقاد کیا، جس میں بالی ووڈ سے لے کر چھوٹے پردے کے اداکاروں اور سیاستدانوں نے شرکت کی۔
ممبئی:کانگریس کے معروف رہنما بابا صدیقی نے ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی اپنے قریبی ہستیوں کو افطار کی دعوت دی۔ صدیقی کی اس افطار پارٹی میں سلمان خان، شاہ رخ خان، کٹرینہ کیف، روینہ ٹنڈن، ارملا ماتونڈکر، مونی رائے، اپراشکتی کھرانہ، ارچنا لوکھنڈے اور سونو سود کے علاوہ متعدد بالی ووڈ ستارے نظر آئے۔
بابا صدیقی، سلمان خان اور شاہ رخ خان جیسی معروف ہستیوں سے دوستی کی وجہ سے اکثر زیر بحث رہتے ہیں۔ وہ ہر سال ماہ رمضان کے دوران اپنے خاص دوستوں کو افطار پارٹی میں مدعو کرتے ہیں۔ اس بار کی افطار پارٹی کا انعقاد بابا صدیقی اور ان کے بیٹے ذیشان صدیقی نے ممبئی کے تاج لینڈ اینڈ ہوٹل میں کی۔ افطار پارٹی میں سلمان خان اکیلے ہی پہنچے۔
ہر بار کی طرح اس بار بھی سلمان خان اور شاہ رخ اس پارٹی میں شرکت کے لئے ضرور پہنچے لیکن ان کی ملاقات نہیں ہو پائی۔ پارٹی میں آئے ہزاروں مہمان ان لمحات کے گواہ نہیں بن پائے جن کا انہیں بے صبری سے انتظار تھا۔ سبھی اپنے موبائل کیمرے میں سلمان اور شاہ رخ کی ملاقات کو قید کرنے کے لئے بے قرار تھے۔ واضح رہے کہ بابا صدیقی کی یہ وہی پارٹی ہے جہاں شاہ رخ اور سلمان لمبے وقت سے چل رہے جھگڑے کے بعد گلے ملے تھے اور اپنے اختلافات بھلا دیئے تھے۔
بابا صدیقی کی افطار پارٹی میں سلمان خان کا پورا خاندان موجود تھا۔ تھوڑی دیر میں یولیا ونتور بھی وہاں پہنچی مگر وہ تھوڑی الگ تھلگ ہی رہیں۔ فلمی دنیا کی یوں تو کافی ہستیاں وہاں موجود تھیں جوں ہی سلمان خان کی انٹری ہوئی تمام کیمروں کے رُخ انہیں کی طرف فوکس ہو گئے۔ تمام مہامانان کی نظریں بھی سلمان پر ہی مرکوز تھیں۔
سلمان وہاں مہمانان سے گلے ملے اور افطار کیا حالانکہ ان کے چہرے سے محسوس ہوا کہ ان کی طبیعت ناساز ہے۔ یولیا کسی طرح سلمان کے نزدیک پہنچیں، باتیں بھی ہوئیں مگر وہ کچھ ہی دیر میں وہاں سے نکلنے لگے۔ باہر بھی آ گئے لیکن بابا کے کہنے پر وہ پھر واپس لوٹ آئے۔
اس کے بعد کٹرنیہ کی انٹری ہوئی۔ دیر سے آنے کی وجہ سے شاہ رخ کی ملاقات سلمان سے تو نہیں ہو پائی، حالانکہ وہ کٹرینہ سے خلوص سے ملے اور ان کو فلم ’بھارت‘ کی کامیابی کی دعا دی۔ اس طرح بابا صدیقی کی اس افطار پارٹی کی اہم ترین ملاقات محض پانچ منٹ کے فاصلے سے ادھوری رہ گئی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔