فلم ’مینٹل ہے کیا‘ کے نام پر تنازعہ، ماہر نفسیات یونین نے کیا اعتراض

فلم کا جو پوسٹر جاری کیا گیا ہے وہ بہت ہی عجیب و غریب ہے۔ اس میں راج کمار راؤ اور کنگنا رانوت ایک دوسرے کو جیبھ چڑھاتے نظر آ رہے ہیں لیکن دونوں کی زبانوں پر ایک بلیڈ رکھا ہوا نظر آ رہا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: آل انڈیا سائکوتھیریپسٹ ایسوسی ایشن نے ایکتا کپور کی فلم ’مینٹل ہے کیا‘ پر شدید اعتراض کا اظہار کرتے ہوئے اسے نفسیاتی مریضوں کی توہین بتایا ہے اور اس فلم کا نام بدلنے کا مطالبہ کیا ہے۔

یونین کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر ونے کمار نے کہا کہ ملک میں دس فیصد آبادی نفسیاتی امراض میں مبتلا ہیں اور ان کے علاج کی ضرورت ہے اور وہ علاج سے ٹھیک بھی ہوسکتے ہیں۔ ایسے میں ’مینٹل ہے کیا‘ نام سے فلم بنا کر ایسے مریضوں کا مذاق اڑانا ٹھیک نہیں ہے۔ اس فلم کے اداکاروں میں، کنگنا رنوت اور راج کمار راؤ شامل ہیں۔

ڈاکٹر کمار نے فلم کا پوسٹر بھی واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے کیونکہ اس میں نفسیاتی مریضوں کا مذاق اڑایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اظہار رائے کی آزادی اور تخلیق کے نام پر نفسیاتی مریضوں کا مذاق نہیں اڑایا جاسکتا اس لئے نام اور پوسٹر ہٹائے جائیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ کچھ دنوں سے کنگنا رانوت اور تنازعات کا چولی دامن کا ساتھ ہو گیا ہے۔ کچھ بیانات سے یہ بھی نظر آیا کہ کنگنا رنوت کا رُخ دائیں بازو کی طرف جھک گیا ہے۔ فلم ’مینٹل ہے کیا‘ پر ماہر نفسیات کے اعتراض کے بعد یہ طے ہو گیا کہ یہ فلم بھی تنازعات کا شکار رہنے والی ہے۔ فلم کا جو پوسٹر جاری کیا گیا ہے وہ بہت ہی عجیب و غریب ہے۔ اس میں راج کمار راؤ اور کنگنا رانوت ایک دوسرے کو جیبھ چڑھاتے نظر آ رہے ہیں لیکن دونوں کی زبانوں پر ایک بلیڈ رکھا ہوا نظر آ رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔