بھارتی سنگھ کی گرفتاری: کرشنا ابھیشیک کے بیان پر راجو شریواستو برہم
راجو نے کہا کہ بھارتی نے اپنے خلاف عائد الزامات کا اعتراف کیا اور این سی بی نے ان کی رہائش سے ڈرگ برآمد کی۔ میں نے اس کے بعد مزاحیہ اداکاروں کے طبقہ کا سینئر ممبر ہونے کے ناطے بیان دیا۔
کامیڈین کرشنا ابھیشیک کی طرف سے نشہ خٖوری کے معاملہ میں گرفتار ہونے والی بھارتی سنگھ کا دفاع کرنے اور راجو شریواستو کے خلاف بیان دینے کے بعد کامیڈین راجو شریواستو غصہ میں ہیں۔ راجو کا کہنا ہے کہ کرشنا ابھیشیک بھارتی کا دوست ہونے کا فرض ادا کر رہے ہیں اور گمراہ کن بیان دے رہے ہیں۔
راجو نے سوال کیا، جب کرشنا یہ کہتے ہیں کہ وہ بھارتی کے ساتھ کھڑے ہیں تو کیا اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ وہ ان کی نشہ خوری کی حمایت میں کھڑے ہیں؟ مزاحیہ اداکار نشہ خوری کی حمایت کرتے ہیں، کیا وہ کامیڈی کمیونٹی کی اس طرح کی شبیہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں؟
راجو نے مزید کہا کہ انہوں نے بھارتی اور ان کے شوہر کے خلاف اس وقت بیان دیا جب بھارتی نے خود نشہ لینے کا اعتراف کر لیا۔ انہوں نے کہا، ’’بھارتی نے اپنے خلاف عائد الزامات کا اعتراف کیا اور این سی بی نے ان کی رہائش سے ڈرگ برآمد کی۔ میں نے اس کے بعد مزاحیہ اداکاروں کے طبقہ کا سینئر ممبر ہونے کے ناطہ بیان دیا۔ ہمارے طبقہ میں اگر کچھ غلط ہو رہا ہے تو کیا مجھے آواز نہیں اٹھانی چاہیے؟ یا پھر چونکہ بھارتی اور کرشنا بہت بڑے اداکار ہیں اس وجہ سے میں ان کے خلاف بولنے کا حق نہیں رکھتا؟‘‘
راجو نے کرشنا ابھیشیک کے اس بیان پر حیرانی کا اظہار کیا کہ ’دی کپل شرما شو‘ پوری ٹیم ان سے ناراض ہے۔ راجو نے کہا، ’’کرشنا کا کہنا ہے کہ وہ سب مجھے ناراض ہیں۔ تو کیا میں یہ سمجھوں کہ وہ شو کے تمام اداکاروں کی طرف سے بیان دے رہے ہیں؟ یا پھر وہ جان بوجھ کر مجھ پر حملہ بول رہے ہیں اور دوسرے اداکاروں کو اس معاملہ میں گھسیٹنا چاہتے ہیں۔‘‘
راجو نے کہا، ’’مجھے تو کسی نے نہیں کہا کہ وہ ناراض ہیں؟ اور وہ بھلا مجھ سے کیوں ناراض ہیں؟ میں نے کیا غلط کیا ہے؟ جب سنجے دت نے نشہ خوری کا اعتراف کیا تھا تو کیا فلم انڈسٹری نے ان کا دفاع کیا تھا؟ میں نے تو بھارتی کی بھلائی کے لئے کہا۔‘‘
اس سوال کے جواب میں کہ کرشنا نے بیان دیا کیا ہے کہ انہیں اس طرح کا بیان نہیں دینا چاہیے تھا، اس پر راجو نے کہا، ’’مجھے بولنے کا پورا حق ہے۔ جانی لیور بھائی نے بھی بھارتی پر نشہ خوری کے معاملہ پر بیان دیا ہے، لیکن کسی نے ان پر انگلی نہیں اٹھائی۔ بھارتی کو ان پر عائد الزامات کی تردید کرنے دیجیے پھر میں بھی کہہ دوں گا کہ مجھے یہ نہیں کہنا چاہیے تھا۔ کرشنا ابھیشیک سے ان کا موقف جاننے کے لئے کئی مرتبہ رابطہ قائم کرنے کی کوشش کی گئی لیکن کامیابی نہیں مل سکی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔