’غدر 2‘ کے ڈائریکٹر انل شرما پر امیشا پٹیل نے لگایا سنگین الزام، پروڈکشن کمپنی نے نہیں کی بل کی ادائیگی
انل شرما کے ڈائریکشن میں بن رہی فلم ’غدر 2‘ میں انل شرما کے بیٹے اُتکرش شرما بھی اہم کردار نبھاتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
فلم ’غدر 2‘ جلد ہی بڑے پردے پر ریلیز ہونے والی ہے۔ اس فلم میں سنی دیول اور امیشا پٹیل ایک بار پھر مرکزی کردار میں ہیں۔ فلم کے ڈائریکٹر اور پروڈیوسر انل شرما ہیں۔ فلم کی ریلیز سے پہلے امیشا پٹیل نے انل شرما پر ایک سنگین الزام عائد کیا ہے۔ امیشا پٹیل کا کہنا ہے کہ پروڈکشن کمپنی نے ابھی تک کئی لوگوں کے بقایہ کی ادائیگی نہیں کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان میں دہشت گردوں کے ساتھ تصادم، دو فوجی ہلاک
دراصل امیشا پٹیل نے چنڈی گڑھ میں فلم کی شوٹنگ کے دوران کمپنی کی طرف سے خراب مینجمنٹ کا الزام عائد کیا اور کئی ٹوئٹس بھی کیے۔ امیشا کا دعویٰ ہے کہ انل شرما پروڈکشنز نے میک اَپ آرٹسٹ اور کئی کاسٹیوم ڈیزائنرس کے پیسے ادا نہیں کیے۔ امیشا کا یہ بھی الزام ہے کہ پروڈکشن کمپنی کے خراب مینجمنٹ کی وجہ سے کئی لوگوں کے رہنے، کھانے اور ٹیکسی کے بلس کلیئر نہیں کیے گئے ہیں۔ لیکن زی اسٹوڈیوز نے سبھی کے لیے یقینی بنایا ہے کہ ان کے بقایہ کی ادائیگی کر دی جائے گی۔ امیشا پٹیل کے مطابق فلم سے منسلک سبھی لوگوں کو پتہ ہے کہ ’غدر 2‘ کو انل شرما پروڈکشنز بنا رہا ہے جو کئی بار ناکام ثابت ہوا ہے۔ لیکن ’زی اسٹوڈیوز‘ نے ہمیشہ اس طرح کے ایشوز کو ٹھیک کیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ انل شرما کے ڈائریکشن میں بن رہی فلم ’غدر 2‘ میں انل شرما کے بیٹے اُتکرش شرما بھی اہم کردار نبھاتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ یہ فلم 11 اگست کو بڑے پردے پر ریلیز ہوگی۔ ’غدر 2‘ کے پروڈکشن کی ذمہ داری دو کمپنیوں ’زی اسٹوڈیوز‘ اور ’انل شرما پروڈکشنز‘ نے نبھائی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔