’اے آئی سی ڈبلیو اے‘ نے امت شاہ کو خط لکھ کر فلم ’آدی پُرش‘ کے رائٹر و ڈائریکٹر پر کیس درج کرنے کا کیا مطالبہ
آل انڈیا سنے ورکرس ایسو سی ایشن (اے آئی سی ڈبلیو اے) نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور ممبئی پولیس کو خط لکھا ہے، اس میں فلم کی اسکریننگ فوراً بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
فلم ’آدی پُرش‘ ریلیز ہونے کے بعد یکے بعد دیگرے کئی تنازعات میں پھنستی چلی جا رہی ہے۔ اس درمیان آل انڈیا سنے ورکرس ایسو سی ایشن (اے آئی سی ڈبلیو اے) نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور ممبئی پولیس کو فلم ’آدی پُرش‘ کے میکر، ڈائریکٹر اور رائٹر کے خلاف معاملہ درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اے آئی سی ڈبلیو اے نے امت شاہ اور ممبئی پولیس کو جو خط لکھا ہے اس میں فلم کی اسکریننگ فوراً بند کرنے اور مستقبل میں او ٹی ٹی پلیٹ فارمس پر ’آدی پُرش‘ ریلیز کیے جانے پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ادارہ نے خط میں یہ بھی لکھا ہے کہ ہدایت کار اوم راؤت، ڈائیلاگ رائٹر منوج منتشر شکلا اور فلم میکرس کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔ فلم میں بھگوان رام اور بھگوان ہنومان جی کی شبیہ کو بدنام کیے جانے کا الزام خط میں عائد کیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ کئی تنظیموں اور شخصیات نے فلم سے ہندوؤں اور سناتن مذہب کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچنے کی بات کہی ہے۔ کئی لوگ اس بات پر بھی افسوس ظاہر کر رہے ہیں کہ پربھاس، کیرتی سینون اور سیف علی خان بالی ووڈ تاریخ کی اس شرمناک فلم کا حصہ بنے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔