اداکار شاہنواز پردھان کا انتقال، ’مرزا پور‘ میں گڈو بھیا کے سسر اور ’الف لیلہ‘ میں سندباد جہازی کا کردار کیا تھا ادا
ویب سیریز مرزا پور میں 'گڈو بھیا' یعنی (علی فضل) کے سسر کا کردار ادا کرنے والے اداکار شاہنواز پردھان انتقال کر گئے، انہیں دل کا دورہ پڑنے کے بعد اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں ان کا انتقال ہو گیا
ممبئی: مشہور ویب سیریز مرزا پور میں 'گڈو بھیا' یعنی (علی فضل) کے سسر کا کردار ادا کرنے والے اداکار شاہنواز پردھان جمعہ کو انتقال کر گئے۔ انہیں دل کا دورہ پڑنے کے بعد اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا تاہم رات گئے ان کا انتقال ہو گیا۔ شاہنواز پردھان دوردرشن کے مشہور سیریل الف لیلہ کا بھی حصہ تھے اور اس میں انہوں نے سندباد جہازی کا کردار ادا کی تھا۔
شاہنواز پردھان کی عمر 56 سال تھی اور وہ ایک تقریب میں شرکت کے لیے گئے تھے، جہاں انہوں نے درد کی شکایت کی اور انہیں اسپتال لے جایا گیا۔ ان کے ساتھی اداکار راجیش تیلانگ نے سوشل میڈیا پر اس خبر کی تصدیق کی۔ اس کے ساتھ پرتیما کاظمی جیسے مزید اداکاروں نے بھی سوشل میڈیا پر اس بارے میں معلومات دیں۔
شاہنواز پردھان مرزا پور میں گڈو بھیا کے سسر کا کردار ادا کرنے کے بعد کافی مشہور ہوئے تھے۔ اس ویب سیریز میں انہوں نے پرشورام گپتا کا کردار ادا کیا تھا، جو شویتا (گولو) اور شریا پیلگونکر (سویٹی) کے والد تھے۔ اس سے قبل شاہنواز 80 کی دہائی میں بھی مقبول ہوئے تھے، جب انہوں نے اپنے کریئر کا آغاز کیا اور دوردرشن کے شو شری کرشنا میں نند کا کردار ادا کیا۔ اس کے بعد وہ الف لیلہ میں بھی نظر آئے اور سندباد جہازی کے طور پر نظر آئے۔ الف لیلہ اس زمانے میں کافی مقبول ہوا تھا اور شاہنواز پردھان کے کردار کو بھی کافی پسند کیا تھا۔
بعد ازاں اپنے کیرئیر میں انہوں نے کئی دوسرے ٹی وی شوز اور فلموں میں کام کیا۔ حال ہی میں، مرزا پور کے پہلے اور دوسرے سیزن کے علاوہ ویب اسپیس میں رئیس، خدا حافظ اور فیملی مین جیسے شوز میں بھی کام کیا۔ حال ہی میں ان کی نئی فلم ’مڈ ڈے میل‘ ریلیز ہوئی تھی۔ شاہنواز جلد ہی مرزا پور کے تیسرے سیزن میں بھی نظر آئیں گے۔ انہوں نے حال ہی میں اس کی شوٹنگ مکمل کی تھی۔
شاہنواز پردھان اوڈیشہ کے ایک متوسط گھرانے میں پیدا ہوئے تھے۔ 7 سال کی عمر میں وہ اپنے خاندان کے ساتھ رائے پور آ گئے اور 7ویں جماعت میں انہوں نے پہلی بار اسٹیج پر پرفارم کیا اور تب ہی ان کی اداکاری میں دلچسپی بڑھ گئی۔ کالج کے بعد وہ مقامی ڈرامہ گروپ میں شامل ہو گئے اور اسٹیج دراموں میں حصہ لینا شروع کر دیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔