عرفان خان خطرناک مرض میں مبتلا!
منفرد اور مؤثر اداکار ی کے دم پر بالی وڈ ہی نہیں ہالی وڈ میں بھی خاص مقام حاصل کرنے والے عرفان خان ان دنوں کسی خطرناک بیماری میں مبتلا ہیں، یہ اطلاع انہوں نے خود دی ہے۔
عرفان خان بالی وڈ کے ایک بہترین اور مؤثر اداکار ہیں۔ برسوں پہلے دوردرشن پر نشر ہونے والے پروگرام ’بھارت ایک کھوج‘ کے مختلف کرادار، وشال بھارداج کی فلم ’سات خون معاف ‘، ’اسپائیڈر مین‘ میں سائنسداں کا کردار یا پھر آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ’لائف آف پائی‘ کا کردار، یہ سبھی عرفان خان نے بحسن و خوبی ادا کئے۔ اپنی گہری آنکھوں اور مخصوص ڈائیلاگ ڈلیوری کے لئے جانے جاتے ہیں۔ عرفان خان ان دنوں کسی خطرناک بیماری میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے 5 مارچ کو بذات خود ٹوئٹر پر اپنے مرض کی اطلاع دی۔
عرفان خان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ وہ اور اس کے احباب و اہل خانہ انہیں ان کی خطرناک بیماری کا صحیح پتہ لگانے میں مصروف ہیں اور انہیں جیسے ہی پتہ چلے گا وہ خود ہی مداحوں کو آگاہ کریں گے۔ انہوں نے مداحوں اور عام افراد سے درخواست کی ہے کہ ان کی صحت اور بیماری سے متعلق قیاس آرائیوں اور افواہوں سے گریز کیا جائے۔
عرفان خان کا کہنا ہے ’’میں گزشتہ 15 روز سے طبیعت میں خرابی محسوس کر رہا ہوں اور ابتدائی طور پر پتہ چلا ہے کہ میں کسی خطرناک مرض میں مبتلا ہوں۔‘‘ انہوں مزید لکھا ’’ابھی مکمل طور پر اس بات کا پتہ نہیں چلا ہے کہ مجھے کون سی بیماری لاحق ہے اور وہ کس اسٹیج پر پہنچ چکی ہے۔‘‘
عرفان خان کی طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے ان کی آنے والی ایکشن تھرلر فلم ’سپنا دی دی‘ کی شوٹنگ روک دی گئی ہے ۔’سپنا دی دی‘ میں عرفان خان دوسری مرتبہ دپیکا پڈوکون کے ساتھ نظر آئیں گے۔
واضح رہے کہ عرفان خان کی کامیڈی فلم ’بلیک میل‘ رواں برس اپریل میں ریلیز ہونے جا رہی ہے جس میں ان کے ساتھ کریتی کلہاری جلوہ گر ہوں گی۔ لیکن وہ اس فلم کے پروموشن میں نظر نہیں آ رہے ہیں۔ علاوہ ازیں عرفان خان کی فلم ’ہندی میڈیم 2‘ بھی رواں برس کے آخر تک آنے کا امکان ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 06 Mar 2018, 11:17 AM