عامر خان کی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ نے ایڈوانس بکنگ میں ’رکشا بندھن‘ کو بہت پیچھے چھوڑا
فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کی ایڈوانس بکنگ بہت تیزی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے، باکس آفس انڈیا کی ایک رپورٹ پر نظر ڈالیں تو ایڈوانس بکنگ سے ہی یہ فلم 8 کروڑ روپے تک کی کمائی کر لے گی۔
بالی ووڈ میں مسٹر پرفیکشنسٹ کے نام سے مشہور اداکار عامر خان کی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ 11 اگست کو ریلیز ہونے والی ہے۔ اسی دن ایک دیگر مشہور اداکار اکشے کمار کی فلم ’رکشا بندھن‘ بھی ریلیز ہوگی۔ دونوں فلموں کی ریلیز سے پہلے کئی طرح کی باتیں سوشل میڈیا پر آ رہی ہیں۔ کوئی عامر خان کی فلم کی تعریف کر رہا ہے، تو کوئی اکشے کمار کی فلم کو ترجیح دینے کی بات کر رہا ہے۔ گویا کہ دو بڑی فلموں میں زبردست ٹکر ہونے والی ہے۔ اس درمیان عامر کی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کے بائیکاٹ کی مہم بھی کچھ لوگوں نے چلا رکھی ہے، لیکن اس کا کچھ زیادہ اثر ہوتا ہوا نظر نہیں آ رہا ہے۔ ایسا اس لیے کیونکہ ’لال سنگھ چڈھا‘ اور ’رکشا بندھن‘ کے درمیان جو پہلا مقابلہ ہوا ہے اس میں فتح ’لال سنگھ چڈھا‘ کے ہاتھ لگی ہے۔ آپ سوچ رہے ہوں گے کہ فلم ریلیز نہیں ہوئی پھر مقابلہ کیسے شروع ہوا۔ دراصل مقابلہ ایڈوانس بکنگ کے معاملے میں ہوئی جس میں ’رکشا بندھن‘ کافی پیچھے رہ گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کی ایڈوانس بکنگ بہت تیزی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ باکس آفس انڈیا کی ایک رپورٹ پر نظر ڈالیں تو ایڈوانس بکنگ سے ہی یہ فلم 8 کروڑ روپے تک کی کمائی کر لے گی۔ دہلی-این سی آر میں فلم کی ایڈوانس بکنگ زور و شور سے ہو رہی ہے۔ یہ فلم پنجاب کے پس منظر پر مبنی ہے، لیکن اس ریاست کے ناظرین کا رد عمل ایڈوانس بکنگ کو لے کر کچھ خاص دکھائی نہیں دے رہا ہے۔
دوسری طرف ’رکشا بندھن‘ کی ایڈوانس بکنگ دھیمی رفتار سے آگے بڑھ رہی ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ اس فلم کو ایڈوانس بکنگ سے محض 3 کروڑ روپے کی کمائی ہوگی۔ پھر بھی ایڈوانس بکنگ کے یہ نمبر اکشے کمار کی گزشتہ دونوں فلاپ فلموں ’بچن پانڈے‘ اور ’سمراٹ پرتھوی راج‘ سے کافی بہتر ہیں۔ فلم کو جو تھوڑا بہت فائدہ مل رہا ہے وہ آنے والے چھٹی کے ہفتہ کی وجہ سے ہے۔ ایڈوانس بکنگ میں یہ فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ سے بہت پیچھے رہ گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔