سعودی عرب میں قرأت اور اذان کا عالمی مقابلہ، رجسٹریشن کی آخری تاریخ 18 اگست

جنرل تفریحی اتھارٹی کے مطابق قرات اور اذان کے ان مقابلوں میں میں اول مقام حاصل کرنے والے کو بالترتیب پانچ ملین ریال اور دو ملین ریال بطور انعام دیئے جائیں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ریاض: سعودی عرب میں حکومت کی جنرل تفریحی اتھارٹی نے قرأت قرآن اور اذا ن کے عالمی مقابلوں کے لئے رجسٹریشن کی تاریخ میں توسیع کا اعلان کیا ہے۔ جنرل تفریحی اتھارٹی(الھیئتہ العامتہ للترفیہ) کے چیئرمین ترکی الشیخ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ان مقابلوں میں دنیا بھر کے شرکاء کی زبردست دلچسپی کے مدنظر رجسٹریشن کی آخری تاریخ 22 جولائی سے بڑھا کر 18اگست کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ میں یہ توسیع اس لئے کی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس میں حصہ لے سکیں۔

ترکی الشیخ نے بتایا کہ ان مقابلوں کے اعلان کے بعد سے اب تک 162ملکوں کے تیس ہزار سے زائد شرکاء اپنے نام کا اندراج کراچکے ہیں۔ جنرل تفریحی اتھارٹی کے مطابق قرات اور اذان کے ان مقابلوں میں اول مقام حاصل کرنے والے کو بالترتیب پانچ ملین ریال اور دو ملین ریال بطور انعام دیئے جائیں گے۔جب کہ انعامات کی مجموعی رقم ایک کروڑ بیس لاکھ ریال ہے۔ دونوں مقابلوں میں حصہ لینے کے خواہش مند www.quranathanawards.com پر لاگ ان کرکے رجسٹر یشن کراسکتے ہیں۔


بیان میں کہا گیا ہے کہ ان مقابلوں کا مقصد اسلامی دنیا کے ثقافتی تنوع سے آگاہ کرنا ہے۔ خیال رہے کہ جنرل تفریحی اتھارٹی کا قیام سعود ی عرب میں تفریحی شعبے کو منظم اور ترویج و اشاعت کے مقصد سے ویژن 2030کے تحت 2016میں عمل میں آیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔