عمان میں تباہی پھیلانے والے سمندری طوفان کا نام ’شاہین‘ کیوں پڑا؟

بہت سے لوگ حیران ہیں کہ خلیجی ریاست عُمان کے متعدد علاقوں میں تباہی پھیلانے اور ہمسایہ ملک یو اے ای اور ایران کو متاثر کرنے والے منطقہ حارہ کے طوفان گردو باد (ٹراپیکل) کا نام شاہین کیوں اور کیسے پڑا؟

تصویر العربیہ ڈاٹ نیٹ
تصویر العربیہ ڈاٹ نیٹ
user

قومی آواز بیورو

بہت سے لوگ حیران ہیں کہ اتوار کے روزخلیجی ریاست عُمان کے بہت سے علاقوں میں تباہی پھیلانے اور ہمسایہ ملک متحدہ عرب امارات اور ایران کے مختلف علاقوں کو متاثرکرنے والے منطقہ حارہ کے طوفان گردوباد(ٹراپیکل) کا نام شاہین کیوں اور کیسے پڑا؟

امریکی خبررساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق طوفان گردوباد شاہین کو سب سے پہلے 24 ستمبر کو جوائنٹ ٹائیفون وارننگ سنٹر (جے ٹی ڈبلیو سی) نے ملاحظہ کیا تھا۔ تب وہ خلیج بنگال سے نکل کر بنگلہ دیش کی حدود کی طرف بڑھ رہا تھا۔ بھارت کے فری پریس جرنل کے مطابق ابتدائی طوفان کا نام ’گلاب‘ رکھا گیا۔اس کا انگریزی میں ترجمہ 'روز' ہے۔

اطلاعات کے مطابق بھارت کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے اس معاملے پر انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ طوفان بھارت بھر کے مختلف ساحلی علاقوں سے ٹکرا سکتا ہے۔ اگرچہ طوفان بالآخر اپنی رفتار اور شدت کھو بیٹھا لیکن آئی ایم ڈی نے خبردار کیا تھا کہ وہ دو سے تین دن میں دوبارہ طوفان ’شاہین‘ کے طورپراُبھرسکتا ہے۔


فری پریس جرنل کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہفتے کے روز بحیرہ عرب میں ابھرنے والے طوفان گردوباد کانام شاہین قطرنے رکھا تھا اور اس کا انگریزی میں ترجمہ’ہاک‘ یا ’شاہی سفید فالکن‘ہے۔ طوفان گلاب کے بعد آنے والے اگلے پانچ طوفان شاہین، طوفان جواد، طوفان آسانی، سمندری طوفان سِترنگ اور سمندری طوفان مندوس ہیں۔

عرصہ دراز قبل ماہرین موسمیات نے اس بات کا ادراک کر لیا تھا کہ مختلف طوفانوں کو اگران کی شدت کی مناسبت سے خاص نام دے دیے جائیں تواس عمل سے لوگوں کوطوفانوں کو یاد رکھنے،ان سے بچنے کے لیے حفاظتی احتیاطی اقدامات کرنے اوران کے بارے میں زیادہ مؤثرطریقے سے بات چیت کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔اس کے نتیجے میں بہترابلاغ اور عوام میں شعوراجاگرکیا جاسکے گا اوراس سے انھیں محفوظ رہنے میں مدد ملے گی۔

منطقہ حارہ میں طوفان گردوباد (ٹراپیکل سائیکلون) کا نام مخصوص لوگوں کے نام پرنہیں رکھا گیا ہے۔البتہ ان کے ناموں کا انتخاب خطے کی بنیاد پرکیا جاتا ہے اورطوفانوں کوایسے نام دیے جاتے ہیں جن سے سبھی لوگ آگاہ ہوں۔


کسی طوفان یا طوفانوں کے مجوزہ نام سیاست،مذاہب، سیاسی شخصیات، صنف اور ثقافتوں کے اعتبار سےغیرجانبدار ہونے چاہییں۔منطقہ حارہ میں طوفانوں کے ناموں کا انتخاب خطے کے 13 ممالک میانمار، عُمان، تھائی لینڈ، ایران، بنگلہ دیش، بھارت، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، تھائی لینڈ، مالدیپ، پاکستان، یمن اور سری لنکا کرتے ہیں۔

بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔