شام: زہریلی گیس کے حملے کے بعد فوجی ہوائی اڈے پر حملہ

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

پہلے شام سے خبر آئی کہ وہاں زہریلی گیس کے حملہ میں70 سے زائد افراد کی ہلاکت ہو گئی ہے اور اب خبر ہے کہ شام کے فوجی ہوائی اڈے پر میزائل سے حملہ ہوا ہے ۔ شام کی سرکاری میڈیا کے مطابق شام میں ایک فوجی ہوائی اڈے کو میزائل حملے سے نشانہ بنایا گیا ہے جس میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ واضح رہے اس حملہ کے بعد شام کا فضائی دفاعی نظام بھی حرکت میں آ گیا ہے۔

شامی ٹیلی ویژن کا کہنا ہے کہ پیر کو صبح کے وقت حمس شہر میں ٹی 4 ایئر بیس کے قریب دھماکوں کی آواز سنی گئی۔خبر رساں ادارے ’ثنا ‘کے مطابق ’تیفور ایئر پورٹ کو متعدد میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا ہے۔‘ ان اطلاعات کی آزاد ذارئع سے تصدیق نہیں ہو پائی ہے۔

یہ خبریں ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب شام کے شہر دوما میں مبینہ طور پر زہریلی گیس کے حملے میں کم از کم 70 افراد کی ہلاکت پر عالمی برادری کو تشویش لاحق ہے۔مبینہ طور پر زہریلی گیس حملے کے حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ’اس حملے کی بھاری قیمت ادا کرنی ہو گی‘۔امریکی صدر نے ٹوئٹ میں شام کے صدر بشار الاسد اور ان کے اتحادی روس اور ایران کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

آج امکان ہے کہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل اس معاملے پر بحث کرے ۔ اس کے 15 میں سے 9 ارکان نے اس معاملے پر فوری اجلاس کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب یورپی یونین نے بھی بین الاقوامی برادری کی جانب سے فوری ردِ عمل کا مطالبہ کیا ہے۔واضح رہے شام اور روس دونوں کیمیائی حملے سے انکار کرتے ہیں۔

دوسری جانب برطانیہ نے بھی اس حملے کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے جبکہ پوپ فرانسس نے کہا ہے کہ کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کا کوئی جواز نہیں ہے۔وائٹ ہیلمٹس نامی امدادی کارکنوں کی ایک تنظیم نے ایک ویڈیو نشر کی ہے جس میں متعدد مردوں، عورتوں اور بچوں کی لاشیں دیکھی جا سکتی ہیں۔ ان میں سے کئی کے منھ جھاگ سے بھرے ہوئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔