کورونا سے پاک کرنے کے لیے کرنسی نوٹوں کو استری کرنے کا منفرد طریقہ
جارجیا کے ایک مقامی ٹی وی چینل کے مطابق جنوبی شہر بوٹی میں مارکیٹ انتظامیہ نے کرنسی نوٹوں کو استری کرکے انہیں وائرس سے بچانے کا سلسلہ شروع کیا ہے جبکہ دھاتی سکوں کو جراثیم کش محلول سے صاف کیا جاتا ہے۔
دنیا کے بیشتر علاقوں میں کورونا وائرس کی وبا پھیلنے، لاکھوں افراد کے متاثر ہونے کے بعد پوری دنیا میں اس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے مختلف حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ بعض لوگوں کا خیال ہے کہ کرنسی نوٹ بھی کورونا وائرس پھیلانے کا موجب بن سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جارجیا نے کرنسی نوٹوں اور دھاتی سکوں کو کورونا سے پاک کے لیے ایک نیا طریقہ اختیار کیا ہے۔
جارجیا کے ایک مقامی ٹی وی چینل ون کی رپورٹ کے مطابق جنوبی شہر بوٹی میں مارکیٹ انتظامیہ نے کرنسی نوٹوں کو استری کرکے انہیں وائرس سے بچانے کا سلسلہ شروع کیا ہے جب کہ دھاتی سکوں کو'جراثیم کش' محلول سے صاف کیا جاتا ہے۔ دریں اثنا، جارجیا کے نیشنل سینٹر برائے انسداد امراض و پبلک ہیلتھ کے نائب صدر باٹا ایمنازی نے کہا ہے کہ کرنسی نوٹوں کو صاف کرنے کے لیے گرم لوہے یا جراثیم کش اسپرے کا عمل مؤثر ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ مارکیٹ میں داخل ہونے سے پہلے گاہک اپنی جیب میں موجود پیسے نوٹوں کو پاک کرنے والے مقامی کارکنوں کو دیتے ہیں جو نوٹوں کو استری کر کے جبکہ دھاتی سکے اسپرے کے ذریعے صاف کرکے واپس کردیتے ہیں۔ اس کے بعد گاہک اپنی مرضی کے مطابق ان نوٹوں اور سکوں کو استعمال کر سکتا ہے۔
اس کے علاوہ بازاروں میں آنے والوں کا بخار بھی باقاعدگی کے ساتھ چیک کیا جاتا ہے۔ بازاروں میں داخل ہونے کے لیے دستانوں اور ماسک کا استعمال ضروری ہے اور حکومت کی طرف سے ماسک اور دستانے مفت فراہم کیے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ سماجی فاصلہ قائم رکھنے کی بھی تلقین کی جاتی ہے۔
بازاروں میں انتظامیہ باقاعدگی کے ساتھ صفائی کرتی ہے۔ بازاروں میں رش کم رکھا جاتا ہے اور لوگوں کو اپنی باری پر بازار جانے کی اجازت ہے۔ 20 مارچ سے جارجیا میں فارمیسیوں، گروسری اسٹورز، پالتو جانوروں کی دکانوں، گوداموں، زرعی منڈیوں، مویشی منڈیوں، کھاد کی دکانوں، گھریلو آلات کی دکانوں اور گیس اسٹیشنوں کے علاوہ دیگر تمام دکانیں بند کردی گئیں ہیں۔
(العربیہ ڈاٹ نیٹ)
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔