سعودی عرب: تراویح اور عید کی نماز گھروں میں ہی پڑھیں، مفتی اعظم کا فرمان جاری
مفتی اعظم نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلتے اثرات پر قابو پانے کے لیے کی جا رہی کوششوں کے تحت اس سال مسجدوں میں نماز کا انعقاد نہیں کیا جائے گا۔
دنیا کے کئی ممالک میں کورونا وائرس انفیکشن کے مدنظر اس وقت مسجدوں میں نماز پڑھنے پر پابندی عائد ہے اور سبھی گھروں میں ہی عبادات کر رہے ہیں۔ سعودی عرب میں بھی یہی طریقہ اختیار کیا گیا ہے اور لوگ مسجدوں کی جگہ اپنے اپنے گھروں میں ہی پنج وقتہ نمازیں پڑھ رہے ہیں۔ اس درمیان سعودی عرب کے مفتی نے رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر نمازِ تراویح کے تعلق سے ایک فرمان جاری کیا ہے۔ مفتی اعظم نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس سے پیدا ماحول کو دیکھتے ہوئے گھروں میں ہی تراویح اور عید کی نماز ادا کی جائے گی۔
مفتی اعظم نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلتے اثرات پر قابو پانے کے لیے کی جا رہی کوششوں کے تحت اس سال مسجدوں میں نماز کا انعقاد نہیں کیا جائے گا۔ اگر رمضان المبارک کے مہینہ میں اس وائرس کا اثر ختم نہیں ہوا تو گھروں میں عیدالفطر کی نماز بھی ادا کی جائے گی۔
واضح رہے کہ حج اور عمرہ کے تعلق سے سعودی وزارت نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو پہلے ہی مطلع کر دیا ہے۔ وزارت نے عمرہ اور حج کو ملتوی کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کی وجہ سے حالات بہت خراب ہیں اس لیے کسی بھی مذہبی مقام پر لوگوں کی آمد بند کر دی گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔