لبنان: بیروت میں اسرائیلی فضائی حملے میں 20 افراد جاں بحق

عالمی ادارہ صحت کے مطابق، لبنان میں 7 اکتوبر 2023 سے 18 نومبر 2024 کے درمیان کم از کم 226 ہیلتھ ورکرز اور مریضوں کی موت ہوگئی اور 199 دیگر زخمی ہوگئے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر بشکریہ یو این آئی</p></div>

تصویر بشکریہ یو این آئی

user

یو این آئی

لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ایک رہائشی عمارت پر ہفتہ کو اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم 20 افراد ہلاک اور 66 دیگر زخمی ہو گئے۔لبنان کی صحت عامہ کی وزارت نے یہ اطلاع دی ہے۔ وزارت نے کہا کہ صبح ہونے والے فضائی حملے نے بستہ فاوکا محلے میں ایک آٹھ منزلہ عمارت کو نشانہ بنایا۔ حملے میں عمارت تباہ اور قریبی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ وزارت نے کہا کہ شہری دفاع کی ٹیمیں اب بھی متاثرین کی تلاش میں ملبہ ہٹا رہی ہیں۔

اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی ہے کہ فضائی حملے کا مقصد حزب اللہ کے ایک سرکردہ اہلکار کو نشانہ بنانا تھا۔ وزارت سے وابستہ پبلک ہیلتھ ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق، ہفتے کی رات جنوبی لبنان کے ضلع طائر کے گاؤں عین بال پر اسرائیلی فضائی حملوں میں دو ہیلتھ ورکرز ہلاک اور چار دیگر زخمی ہو گئے۔


وزارت کے مطابق ایک اسرائیلی ڈرون نے امدادی کارروائیوں کے لیے عین بال جا رہی اسلامک ہیلتھ اتھارٹی کی ایمبولینس پر حملہ کیا۔ جب دوسری ایمبولینس ٹیم مدد کے لیے پہنچی تو اسے بھی ایک اسرائیلی ڈرون نے نشانہ بنایا، جس سے دونوں ٹیموں کے دو ہیلتھ ورکرز ہلاک اور چار زخمی ہوگئے۔

وزارت نے "انسانی امدادی کارروائیوں کے لیے اس خوفناک نظر اندازی" کی مذمت کی اور بین الاقوامی برادری سے اسرائیل کی "بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں" کے خلاف سخت موقف اپنانے کے مطالبے کا اعادہ کیا۔


جمعہ کو عالمی ادارہ صحت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق، لبنان میں 7 اکتوبر 2023 سے 18 نومبر 2024 کے درمیان کم از کم 226 ہیلتھ ورکرز اور مریضوں کی موت ہوگئی اور 199 دیگر زخمی ہوگئے۔اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کے خلاف لڑائی میں 23 ستمبر سے لبنان پر اپنے فضائی حملے تیز کر دیے ہیں۔ اکتوبر کے شروع میں اسرائیل نے اپنی شمالی سرحد سے لبنان میں زمینی مہم شروع کی۔