سعودی عرب: حرم میں اس سال نماز تراویح میں 20 کی جگہ 10 رکعت ہوں گی
شیخ سلمان السدیس نے اعلان کیا ہے کہ دونوں حرم میں اس سال 10 رکعت نماز تراویح ہوگی اور صرف حرم کے اسٹاف ہی اس میں شامل ہو سکیں گے۔ علاوہ ازیں اس سال حرم میں کوئی اعتکاف پر نہیں بیٹھے گا۔
دنیا کے بیشتر ممالک میں کورونا وائرس کے پھیلتے اثرات کے درمیان لاک ڈاؤن جاری ہے۔ اسی لاک ڈاؤن میں رمضان المبارک کا مہینہ بھی آنے والا ہے اور اس تعلق سے کئی ممالک نے اپنے احکامات بھی جاری کر دیئے ہیں۔ سعودی عرب میں بھی لاک ڈاؤن کا عمل جاری ہے اور عام لوگوں کو نمازِ تراویح گھر پر ہی ادا کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ اس درمیان شیخ عبدالرحمن السدیس نے 28 شعبان المعظم یعنی 18 اپریل کو حرم میں تراویح اور افطار کے انتظامات کے تعلق سے کچھ ضروری ہدایات جاری کیں۔
شیخ عبدالرحمن السدیس نے حرم میں کسی بھی عوام کی حاضری پر روک لگاتے ہوئے نمازِ تراویح صرف اسٹاف کے ذریعہ پڑھے جانے کا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے بتایا ہے کہ اس سال رمضان المبارک کے مہینہ میں تراویح کی نماز 20 رکعت کی جگہ مختصر کر کے 10 رکعت پڑھائی جائے گی اور پھر وتر کی نماز ہوگی۔ جاری بیان کے مطابق پہلے دو امام 10-10 رکعت نمازِ تراویح پڑھاتے تھے لیکن اس مرتبہ ایک امام 6 رکعت تراویح پڑھائیں گے اور دوسرے امام 4 رکعت پڑھائیں گے۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دعائے قنوت کو بھی مختصر کیا جائے گا۔
موصولہ خبروں کے مطابق دونوں حرم میں سبھی طرح کی افطار خدمات کو بھی معطل کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ اس کی جگہ مکہ اور مدینہ شہر میں باسکٹ تقسیم کی جائیں گی۔ دونوں حرم میں رمضان المبارک کے آخری عشرے میں اعتکاف کو بھی اس مرتبہ منسوخ کرنے کی ہدایت شیخ سلمان السدیس نے جاری کی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب کی مساجد میں پہلے سے ہی نمازِ تراویح باجماعت ادا نہ کرنے کا فیصلہ حکومت نے کیا ہوا ہے اور عمرہ پر بھی اس وقت پابندی عائد ہے۔ عمرہ کے تعلق سے اعلان کیا گیا ہے کہ کورونا انفیکشن کی وجہ سے خراب حالات بہتر ہونے کے بعد اس سلسلے میں کوئی نوٹس جاری کیا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 21 Apr 2020, 7:00 PM